چیئر مین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے سینیٹ انتخابات میں اگر پیسہ چلایا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کے اس کے بل پر وہ پنجاب میں بھی حکومت بنالیں گے تو وہ غلط فہمی کا شکار ہیں۔

اسلام آباد میں عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کو خیر باد کہنے والے اقلیتی رکن قومی اسمبلی اور پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رمیش کمار نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کو تمام حقوق اور مکمل تحفظ ملنا چاہیے اور اس کے لیے ان کی جماعت حکومت میں آنے کے بعد سنجیدگی سے اقدامات کرے گی۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے رمیش کمار کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ

انھوں نے عدلیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم عدلیہ کے حق میں 29 اپریل کو جلسہ کریں گے اور جن کو شک ہے کہ عوام عدلیہ کے ساتھ نہیں تو وہ اس جلسے میں آکر دیکھ لیں۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے انسانی حقوق کے مسائل پر ہمیشہ آواز اٹھائی ہے اور حکومت میں رہتے ہوئے ہمیشہ عوام کی خدمت کی کوشش کی ہے۔

انھوں نے چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں مسلم لیگ (ن) میں کرتا تھا لیکن میں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔

رمیش کمار نے کہا کہ میں نے پرچہ لکھ کر میاں نواز شریف کو بتایا تھا کہ پاکستان میں گرے ٹریفک چل رہی ہے جس سے ایک ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے لیکن وزارت اطلاعات کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کا نام نہیں ہٹایا جاسکتا، ڈاکٹر رمیش کمار

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہر موقع پر مسائل کے حوالے سے نواز شریف کو نشاندہی کی اور پی آئی اے کی نجکاری میں بھی میں نے اس کا حصہ بننے سے انکار کردیا تھا۔

ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز کا معاملہ سامنے آنے کے بعد سے جس قسم کی زبان استعمال کی گئی اس کا حصہ بننے سے بھی انکار کردیا تھا۔

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں چوہدری نثار ایمان دار شخص ہیں جن کی عزت کرتا ہوں اور امید ہے وہ بھی جلد تحریک انصاف کا حصہ بن جائیں گے۔

بھون داس کی مسلم لیگ (ن) سے رخصت

نواب شاہ: مذہبی اقلیتی رہنما ایم این اے بھون داس نے بھی مسلم لیگ (ن) کو خیر باد کہہ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی.

بھون داس کی جانب سے مذکورہ اعلان پریس کلب کی نئی بلڈنگ کی افتتاحی تقریب میں کیا جس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی موجود تھے.

بعدازاں پی پی پی رہنما نے بھون داس کو زرداری ہاوس میں مدعو کیا.

اس حوالے سے ذرائع نےبتایا کیا کہ بھون داس ایک صنعت کار ہیں جنہیں سیاست کا کوئی تجربہ نہیں اور مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی میں 2008 میں اقلیت کی مخصوص نشست کا ٹکٹ دیا.

دوسری جانب قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق انہیں خیرپختونخوا میں 2008 کو مخصوص نشست کے لیے نامزد کیا گیا.

تبصرے (0) بند ہیں