بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر نے اپنی کامیاب فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے سیکوئل کا اعلان گزشتہ سال کیا تھا، جس میں ٹائیگر شروف مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جبکہ مداح اس فلم کی ہیروئنز کا نام جاننے کے لیے بےتاب تھے۔

تاہم آخر کار ہدایت کار نے فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکاراؤں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا ہے۔

کرن جوہر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ فلم میں تارا سوتریا اور اننیا پانڈے ہیروئن کے کرداروں میں نظر آئیں گی۔

مزید پڑھیں: ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے سیکوئل سے مداح ناخوش

ان دونوں کے پہلے پوسٹرز بھی ٹوئٹر پر ریلیز کردیے گئے ہیں۔

جبکہ ٹائیگر شروف کا دوسرا پوسٹر بھی ان اداکاراؤں کے ساتھ ریلیز کیا گیا۔

خیال رہے کہ اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی اننیا پانڈے اس فلم کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کرنے جارہی ہیں۔

ان سے قبل فلم میں جانھوی کپور اور سارا علی خان کے شامل ہونے کی قیاس آرائیاں بھی سامنے آئیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کرن جوہر کون سے نئے چہرے متعارف کرانے جا رہے ہیں؟

واضح رہے کہ فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ 2012 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں عالیہ بھٹ، ورن دھون اور سدھارتھ ملہوترا نے ڈیبیو کیا تھا۔

فلم کے پہلے حصے میں ایک اداکارہ اور دو اداکاروں کو پیش کیا گیا، جبکہ دوسرے حصے میں ایک اداکار اور دو اداکارائیں شامل ہیں۔

2012 کی فلم کی ہدایات کرن جوہر نے خود دی تھیں، جبکہ اس بار فلم کی ہدایت کاری پنیت ملہوترا کررہے ہیں جبکہ فلم دھرما کمپنی کے بینر تلے پروڈیوس کی جارہی ہے۔

پوسٹرز ریلیز کرنے کے ساتھ ساتھ فلم کی نمائش کی تاریخ کا بھی اعلان کیا گیا۔

فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2‘ رواں سال 23 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں