آم کے یہ فائدے جانتے ہیں؟

12 مئ 2018
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی لوگوں کو جس پھل کا بے صبری سے انتظار ہوتا ہے، وہ کوئی اور نہیں پھلوں کا بادشاہ آم ہے۔

آم نہ صرف لذیذ ہوتے ہں بلکہ صحت کے لیے متعدد فوائد کے بھی حامل ہوتے ہیں اور اعتدال سے کھانے پر یہ مجموعی صحت پر جادوئی اثرات کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں : ذائقے سے بھرپور آم کے حیران کن طبی فوائد

مگر کھانے سے ہٹ کر بھی آم چہرے کی خوبصورتی کے لیے انتہائی کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔

آم کا گودا کو جلد پر لگانا متعدد جلدی مسائل کا حل ثابت ہوتا ہے۔

ایسے ہی چند فوائد آپ کو دنگ کردیں گے۔

آم کے گودے کا فیس پیک

گرم موسم میں جلد کی رنگت خراب ہونا عام ہوتا ہے مگر اس سے بچنا بھی آسان ہے۔ آم کا گودا جلد کی نمی بھی بحال رکھتا ہے۔ رنگت صاف رکھنے اور جلد کی نمی برقرار رکھنے کے لیے آم کا گودا لیں اور اسے چہرے پر 2 سے 3 منٹ تک رگڑیں، پھر اسے 5 منٹ کے لیے لگا چھوڑ دیں، جس کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ اس سے جلد کی جگمگاہٹ واپس آتی ہے جبکہ رنگت بھی بہتر ہوتا ہے، اس عمل کو موثر نتائج کے لیے ایک ہفتے میں 3 بار دہرائیں۔

یہ بھی پڑھیں : میٹھے اور ذائقے دار آموں کی پہچان بہت آسان

آم اور بیسن کا فیس پیک

اس کے لیے پکے ہوئے آموں کا گودا اور 2 چائے کے چمچ بیسن، 1/2 چائے کا چمچ شہد اور چند بادام لیں۔ ایک ڈونگا لیں اور اس میں آم کا گودا ڈال دیں، جس کے بعد بیسن، بادام اور شہد کو گودے میں ڈال کر انہیں اچھی طرح مکس کرکے پیسٹ بنالیں۔ اس مکسچر کو نرمی سے چہرے پر رگڑیں اور 10 سے 12 منٹ کے لیے لگا چھوڑ دیں۔ اس کے بعد پانی سے دھولیں۔ اس عمل کو دوبار دہرانا جھلسی ہوئی جلد کو بحال کرتا ہے۔

آم اور دہی کا فیس پیک

اگر تو آپ کی جلد آئلی ہے تو یہ فیس پیک آپ کے لیے ہی ہے۔ پکے ہوئے آم کا گودا، ایک کھانے کا چمچ دہی اور ایک چائے کا چمچ شہد لے کر انہیں اچھی طرح مکس کرکے گاڑھے پیسٹ کی شکل دے دیں۔ اسے چہرے پر لگائیں اور 10 منٹ بعد دھولیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں