فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس نے چاقو کے حملے میں ایک شخص کو قتل اور متعدد کو زخمی کرنے والے حملہ آور کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

الجزیرہ نے فرانس کے میڈیا کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حملہ دارالحکومت میں اوپرا ہاؤس میں پیش آیا۔

رپورٹ میں فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے حوالے سے بتایا گیا کہ تفتیش سے منسلک ذرائع کے مطابق واقعے میں حملہ آور سمیت 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: پیرس میں 6 مقامات پر حملے، 129 افراد ہلاک

مقامی میڈیا نے پولیس کے حوالے سے تصدیق کی کہ حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا اور صورت حال اب کنٹرول میں ہے۔

ادھر مذکورہ واقعے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فرانس کے وزیر داخلہ نے ’حملہ آور کے خلاف پولیس کی بر وقت کارروائی کو سراہا‘۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں فرانسیسی حکام کے حوالے سے بتایا کہ پیرس میں ہونے والا حملہ دہشت گردی کا واقع تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پیرس: سپر اسٹور پر حملہ، پانچ افراد ہلاک، آپریشن مکمل

بعد ازاں داعش نے ایک جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ مذکورہ حملہ ان کے ایک سپاہی نے کیا۔

بی بی سی نے فرانسیسی وزیر داخلہ کے حوالے سے کہا کہ حملہ آور کی عمر 29 برس تھی تاہم انہوں نے اس سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔

دوسری جانب رپورٹ میں جوڈیشل ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ حملہ آور کا تعلق چیچنیا سے تھا اور دعویٰ کیا کہ حملہ آور کے والدین کو تفتیش کے لیے حراست میں نہیں لیا گیا۔

مزید پڑھیں: پیرس: کار حملے میں 6 سپاہی زخمی

بعد ازاں فرانسیسی صدر نے مقامی زبان میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’فرانس کو ایک مرتبہ پھر خون میں نہلانے کی کوشش کی گئی لیکن ہم آزادی کے دشمنوں کو ایک انچ بھی نہیں دیں گے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں