اسلام آباد: وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے معاملے پر جمعیت علماء اسلام (ف) اور جماعت اسلامی کے درمیان تنازعات سامنے آنے سے حال ہی میں بحال ہونے والی متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) میں اختلافات کا آغاز ہوگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے فاٹا انضمام بل پر جہاں جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے باہر احتجاج کیا تو وہی جماعت اسلامی کے ارکان اس بل کی حمایت میں ووٹ ڈالنے کے لیے صوبائی اسمبلی میں موجود رہے۔

تاہم اس حوالے سے جب دونوں جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس معاملے کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی اور دعویٰ کیا کہ فاٹا انضمام پر اختلافات سے انتخابی اتحاد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی میں فاٹا انضمام بل کی توثیق کردی گئی

جماعت اسلامی کے ترجمان امیر العظیم سے جب پوچھا گیا تو انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا سے انضمام سمیت مختلف معاملات پر دونوں جماعتوں کا مختلف نقطہ نظر ہے، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ مارچ میں ایم ایم اے کے دوبارہ بحال ہونے سے پہلے سربراہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ اتحاد کو نقصان پہنچائے بغیر تمام جماعتیں اپنی نظریاتی پوزیشن برقرار رکھیں گی۔

امیر العظیم کا کہنا تھا کہ ’اس کے بعد سے تمام معاملات کو ایم ایم اے کی سپریم کونسل میں سنا جاتا ہے اور ہمارا ایک متحد موقف سامنے آتا ہے‘۔

جماعت اسلامی کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اگرچہ ایم ایم اے کی 2 اہم جماعتوں کے درمیان فاٹا انضمام کے معاملے پر اختلاف تھا لیکن اب دونوں جماعتوں کا اس معاملے پر ’ایک نقطہ نظر‘ پر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ فاٹا انضمام کے معاملے پر اختلاف کرنے والے دونوں جماعتیں ایم ایم اے کی سپریم کونسل کا فیصلہ قبول کریں گی۔

دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے سیکریٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد ایم ایم اے حقیقی صورت میں فعال ہوجائے گی۔

جماعت اسلامی کے ساتھ اختلافات کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارا اتحاد انتخابات کے لیے ہے اور ہم ان معاملات پر بات کریں گے جو الیکشن کے بعد پیش آئیں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: فاٹا کا انضمام اور اس کی پیچیدگیاں

انہوں نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ پارٹی کے بڑوں کے درمیان 4 یا 5 ملاقاتوں کے بعد ایم ایم اے میں موجود ساتھی مختلف معاملات پر متفق ہونے پر راضی ہوجائیں گے۔

حافظ حسین احمد نے اس بات کو تسلیم کیا کہ فاٹا انضمام کے معاملے پر جے یو آئی (ف) اور جماعت اسلامی کے درمیان اختلافات ہیں لیکن یہ الائنس کے اتحاد کو نقصان نہیں پہنچائے گا اور آپ انتخابات کے بعد ہمیں ایک صفحے پر دیکھیں گے۔

جے یو آئی کے رہنما نے واضح کیا کہ وہ فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے خیال کے مخالف نہیں لیکن وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ قبائلی عوام کے مستقبل کے فیصلے میں انہیں بھی شامل کیا جانا چاہیے تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں