کرینہ کپور اور اکشے کمار 9 سال بعد رومانس کرتے نظر آئیں گے

اکشے اور کرینہ 2009 میں کمبخت عشق میں ایک ساتھ نظر آئے تھے—اسکرین شاٹ
اکشے اور کرینہ 2009 میں کمبخت عشق میں ایک ساتھ نظر آئے تھے—اسکرین شاٹ

گزشتہ ماہ 29 مئی کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بولی وڈ بیبو کرینہ کپور پہلی بار فلمی کیریئر میں اسکرین پر ماں کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

37 سالہ اداکارہ اگرچہ فلمی پردے پر ماں بننے سے قبل حقیقی زندگی میں 2 سال قبل والدہ بن چکی ہیں، تاہم اب وہ 18 سالہ فلمی کیریئر میں پہلی بار پروڈیوسر کرن جوہر کی فلم میں ماں کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

اگرچہ تاحال فلم کا نام سامنے نہیں آسکا، تاہم اب اس فلم کی مزید تفصیلات سامنے آچکی ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ کرن جوہر کی پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں کرینہ کپور کے شوہر کا کردار اکشے کمار کرتے نظر آئیں گے۔

ڈی این اے انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 9 سال بعد ایک بار پھر اکشے کمار اور کرینہ کپور فلم میں رومانس کرتے نظر آئیں گے۔

فلم میں دونوں میاں بیوی کا کردار ادا کریں گے، تاہم فلم کی ٹیم اسکرین پر ان کے بننے والے بچے کو ڈھونڈنے میں مصروف ہے۔

اس فلم سے قبل اکشے کمار اور کرینہ کپور آخری بار 2009 میں ’کمبخت عشق‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کرینہ کپور فلم میں’ماں‘ بننے کو تیار

اس فلم کے بعد کرینہ کپور اگرچہ اکشے کمار کی 2 فلموں میں عارضی کرداروں میں دکھائی دی تھیں، تاہم اب وہ 9 سال بعد ایک ساتھ مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

کرینہ کپور 2015 میں ریلیز ہونے والی اکشے کمار کی فلم ’گبر از بیک‘ اور اسی سال ریلیز ہونے والی فلم ’برادرز‘ میں بھی نظر آئیں تھی۔

دوسری جانب بولی وڈ ہنگامہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسی فلم کا دوسرا جوڑا راج کمار راؤ اور بھومی پڈنیکر پر مشتمل ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق فلم کی ٹیم کے انتہائی قریبی ذرائع نے بتایا کہ اکشے کمار اور کرینہ کپور کی اس فلم میں راج کمار راؤ اور بھومی پڈنیکر کو بھی مرکزی کرداروں کے لیے کاسٹ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل یہ چہ مگوئیاں بھی تھیں کہ فلم میں دوسرے جوڑے کے طور پر جھانوی کپور اور کرٹک آریان کو کاسٹ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس بے نام فلم کی کہانی شادی اور رشتوں پر مبنی ہوگی، اس رومانوی کامیڈی فلم میں شائقین کو ایک دل چھو لینے والا پیغام بھی دیا جائے گا۔

فلم کی مرکزی کہانی 2 شادی شدہ جوڑوں کے گرد گھومے گی، جس میں کرینہ کپور اور اکشے کمار قدرے عمر رسیدہ شادی شدہ جوڑے کا کردار ادا کریں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کب تک ریلیز کی جائے گی، تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں