ریاض: مسلمانوں کے مقدس شہر مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام میں فرانسیسی شخص نے بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے حوالے سے کہا کہ پولیس کے مطابق غیر ملکی شخص نے مسجد الحرام کی بالائی منزل سے مطاف کے صحن میں چھلانگ لگائی، جس سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

فرانسیسی وزارت خارجہ کے عہدیدار نے بتایا کہ خودکشی کرنے والا شخص فرانسیسی تھا، تاہم اس سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

قبل ازیں ’ایس پی اے‘ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ خودکشی کرنے والے شخص کی لاش کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ساتھ ہی اس بات کی تحقیقات بھی کی جارہی ہے کہ دھاتی آڑ کے باوجود غیر ملکی خودکشی کرنے میں کیسے کامیاب ہوا۔

واضح رہے کہ مسجد الحرام میں پیش آنے والا یہ پہلا غیر معمولی واقعہ نہیں ہے۔

گزشتہ سال سعودی شخص نے عین خانہ کعبہ کے سامنے خود سوزی کی کوشش کی تھی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے اسے ایسا کرنے سے روک دیا تھا۔

دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں مسلمان حج و عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ اور مدینہ آتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں