پشاور: سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے صدر پرویز مشرف نے 2018 کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔

جنرل (ر) پرویز مشرف نے این اے 1 چترال سے کاغذات جمع کرائے، سابق صدر کی جانب سے کاغذات نامزدگی ان کے وکیل اور اے پی ایم ایل کے رہنماؤں نے جمع کروائے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اے پی ایم ایل چترال کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پرویز مشرف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔

مزید پڑھیں: ’پرویز مشرف 4 حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے‘

خیال رہے کہ 2013 کے انتخابات میں سابق صدر پرویز مشرف نے چترال سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، لیکن پشاور ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کو انتخابات میں حصہ لینے سے نااہل قرار دے دیا تھا۔

11 جون 2018 کو سپریم کورٹ نے سابق صدرِ مملکت اور آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کا قومی شناختی کارڈ (این آئی سی) اور پاسپورٹ بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل 7 جون 2018 کو سپریم کورٹ نے سابق پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت میں سابق صدر کو بلاتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی بھی وصول کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: پرویزمشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بحال کرنے کا حکم

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ ’پرویز مشرف کاغذات نامزدگی جمع کروانے پاکستان آئیں تو انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا‘، عدالت عمظیٰ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پرویز مشرف ملک میں آکر کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے تو کاغذات وصول کرلیے جائیں گے۔

جس کے بعد 8 جون 2018 کو آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کے چیئرمین جنرل (ر) پرویز مشرف الیکشن 2018 میں 4 حلقوں سے حصہ لیں گے، جس کے لیے انہوں نے چترال، کراچی، لیہ اور گوادر سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔

تبصرے (0) بند ہیں