مصر اور مراکش ناکام، ایران اور یوراگوئے پہلی آزمائش میں کامیاب

اپ ڈیٹ 15 جون 2018
یوراگوئے کے کھلاڑی مصر کے خلاف گول پر جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے پی
یوراگوئے کے کھلاڑی مصر کے خلاف گول پر جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے پی

ورلڈ کپ 2018 کے دوسرے دن یوراگوئے اور ایران نے ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کرتے ہوئے بالترتیب مصر اور ایران کو 1-0 سے شکست دے دی۔

روس کے شہر ایکٹرن برگ کے ارینا میں کھیلے گئے گروپ اے کے دوسرے میچ میں ریوراگوئے کی ٹیم مصر کے مدمقابل تھی جسے اپنے سب سے بڑے اسٹار محمد صلاح کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔

محمد صلاح گزشتہ ماہ چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور اسی وجہ سے ایونٹ میں اپنی ٹیم کے افتتاحی میچ میں شرکت نہ کر سکے۔

یوراگوئے کی ٹیم میچ کے پہلے ہی ہاف سے مصر کی ٹیم پر حاوی نظر آئی جہاں مصری ٹیم نے ابتدا سے ہی دفاعی حکمت عملی اختیار کی۔ یوراگوئے نے میچ کے پہلے ہاف میں برتری حاصل کرنے کی کافی کوشش کی لیکن 8 کھلاڑیوں پر مشتمل مصر کے دفاع نے انہیں پہلے ہاف میں گول کرنے سے باز رکھا جس کے سبب وہ برتری نہ لے سکے۔

دوسرے ہاف میں بھی یوراگوئے کی ٹیم مجموعی طور پر چھائی ہوئی نظر آئی البتہ مصر کی ٹیم کو بھی چند مواقع ملے جس سے وہ فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔

مصر کی ٹیم دوسرے ہاف میں بھی اپنی دفاعی حکمت عملی کافی حد تک کامیاب رہی لیکن میچ کے 90 منٹ میں یوراگوئے کو ایک فری کک ملی جس پر جوز جمنیز نے گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں فیصلہ کن برتری دلا دی۔

اس کے بعد میچ کے اضافی 5 منٹ میں مصر کی ٹیم کوشش کے باوجود بھی مقابلہ برابر کرنے میں ناکام رہی اور یوراگوئے نے فتح حاصل کر کے قیمتی 3پوائنٹس حاصل کر لیے۔

ایران بمقابلہ مراکش

دن کا دوسرا میچ گروپ بی کی ٹیموں ایران اور مراکش کے درمیان کھیلا گیا جہاں مراکش کے کھلاڑی کی غلطی نے فتح ایران کی جھولی میں ڈال دی۔

روس کے شہر سینٹ پیٹرس برگ میں کھیلے گئے گروپ بی کے پہلے میچ میں ایران اور مراکش کی ٹیمیں مدمقابل تھیں جہاں گزشتہ میچ کے برعکس دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا۔

میچ شروع سے ہی انتہائی تیز رہا اور دونوں ہی ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے برتری حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن انتہائی جدوجہد کے باوجود بھی وہ پہلے ہاف میں گول کرنے میں ناکام رہے۔

مراکش کے کھلاڑی عزیز بہادر کا ہیڈر ان کی ہی ٹیم گول میں چلا گیا— فوٹو: اے پی
مراکش کے کھلاڑی عزیز بہادر کا ہیڈر ان کی ہی ٹیم گول میں چلا گیا— فوٹو: اے پی

دوسرے ہاف میں دونوں ہی ٹیموں کی جانب سے قدرے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن دونوں جانب سے ایک دوسرے کے گول پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہا تاہم پچھلے میچ کی طرح اختتامی لمحات تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

میچ کے 90منٹ مکمل ہونے کے باوجود 6منٹ کا انجری ٹائم دیا گیا اور اس دوران ایران کو ایک فری کک ملی جسے میدان سے باہر پھینکنے کی کوشش میں مراکش کے کھلاڑی عزیز بہادر نے گیند اپنے ہی گول میں پھینک دی اور جس کی بدولت ایران نے میچ کے اختتام سے محض چند ملحے قبل برتری حاصل کر کے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔

تبصرے (0) بند ہیں