’یہ سچ ہے میں دوسرا سنجے دت نہیں بن سکتا‘

اپ ڈیٹ 18 جون 2018
فلم میں لوگوں نے رنبیر کپور کے روپ کو بہت پسند کیا ہے—پرومو فوٹو
فلم میں لوگوں نے رنبیر کپور کے روپ کو بہت پسند کیا ہے—پرومو فوٹو

آنے والی بولی وڈ کی بائیوگرافی فلم ’سنجو‘ میں اداکار سنجے دت کا کردار نبھانے والے نوجوان اداکار رنبیر کپور نے اعتراف کیا ہے کہ وہ چاہے کچھ بھی کرلیں، لیکن یہ سچ ہے کہ وہ دوسرے سنجے دت نہیں بن سکتے۔

رنبیر کپور نے یہ اعتراف بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کی جانب سے گزشتہ ہفتے دیے گئے ایک بیان کے بعد کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے سلمان خان نے اپنی فلم ’ریس تھری‘ کی تشہیر کے دوران صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں فلم ساز راج کمار ہیرانی کی فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور کو سنجے دت کا کردار نبھانے پر دبے الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ ’سنجو‘ میں سنجے دت کو اپنا کردار خود ہی ادا کرنا چاہیے تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’سنجو‘ کے رنبیر کو دیکھ کر لوگ سنجے بھول جائیں گے

دبنگ ہیرو نے تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ سنجے دت کو اپنی زندگی پر بنائی گئی فلم میں جیل سے رہائی کے بعد کی زندگی کا کردار خود ہی ادا کرنا چاہیے تھا، کیوں کہ کوئی اور اداکار ان کے کردار کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتا۔

—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

سلمان خان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ’سنجو‘ کا ٹریلر دیکھا ہے اور انہیں امید ہے کہ راج کمار ہیرانی نے اچھی فلم بنائی ہوگی۔

دبنگ ہیرو کی جانب سے ہلکے پھلکے انداز میں تنقید کیے جانے کے بعد اب رنبیر کپور نے سلمان خان کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج تک کسی بھی اداکار نے خود پر بننے والی فلم میں اپنا کردار خود ادا نہیں کیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق رنبیر کپور نے ایک ایونٹ کے دوران بات کرتے ہوئے دلیل دی کہ کسی کی زندگی پر بنائی گئی فلم میں جب دوسرا اداکار کام کر رہا ہوتا ہے تو اسے پتہ ہوتا ہے کہ اسے کسی اور کا کردار ادا کرنا ہے۔

رنبیر کپور نے بتایا کہ انہیں بھی اندازہ ہے کہ فلم میں لوگ انہیں سنجے دت کے روپ میں دیکھیں گے، اس لیے انہوں نے فلم میں بہتر سے بہتر طور پر اداکاری کرنے کی کوشش کی ہے۔

مزید پڑھیں: سنجے کی حیران کن زندگی اور رنبیر کی شاندار پرفارمنس

چاکلیٹی ہیرو کا کہنا تھا کہ آج تک اپنی زندگی پر بننے والی کسی فلم میں کسی اداکار نے اپنا کردار خود ادا نہیں کیا اور ایسی تمام فلموں میں دوسرے اداکار کردار ادا کرتے ہیں۔

—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

انہوں نے دلیل دی کہ جب لوگ انہیں ’سنجو‘ میں 20 سالہ یا پھر 40 سالہ سنجے دت کے روپ میں دیکھیں گے تو وہ اس بات سے بخوبی واقف ہوں گے کہ وہ ایک دوسرے اداکار کو سنجے دت کے روپ میں دیکھ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر کپور یا سنجے دت؟ پہچاننا بےحد مشکل

انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ چاہے کچھ بھی کرلیں، لیکن یہ سچ ہے کہ وہ کبھی بھی دوسرے سنجے دت نہیں بن سکتے۔ واضح رہے کہ رنبیر کپو رکی ‘سنجو‘ کو رواں ماہ 29 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔

اس فلم میں ان کے علاوہ پریش راول، منیشا کوئرالہ، سونم کپور، دیا مرزا اور انوشکا شرما سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا ہے۔ فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر اور گانوں نے پہلے ہی دھوم مچا رکھی ہے۔

فلم میں لوگوں نے رنبیر کپور کی شاندار تبدیلی کو بہت پسند کیا ہے، لوگوں کا خیال ہے کہ ٹریلر دیکھ کر ایک لمحے کے لیے یہ پہچاننا مشکل بن جاتا ہے کہ وہ اسکرین پر سنجے دت کو دیکھ رہے ہیں یا رنبیر کپور کو؟

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں