بولی وڈ اداکار رنبیر کپور اپنے کیریئر میں زیادہ تر رومانوی کرداروں میں نظر آئے ہیں، تاہم اب ان کی اگلی فلم ’شمشیرا‘ کافی مختلف ہوگی۔

فلم ’شمشیرا‘ کی ہدایات کرن ملہوترا دے رہے ہیں، جس کی پروڈکشن یش راج کمپنی کے بینر تلے کی جارہی ہے۔

اس فلم میں سنجے دت بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جبکہ رنبیر کپور فلم میں ڈاکو بنے ہیں، فلم کی ٹیگ لائن ’کرم سے ڈکیت، دھرم سے آزاد‘ بھی کافی ڈرامائی رکھی گئی ہے۔

رنبیر کپور نے اپنی اس فلم کے حوالے سے بتایا کہ ’شمشیرا کسی ڈاکو کی کہانی نہیں، بلکہ یہ 1800 کے دور پر مبنی ہے، جس میں ڈاکوؤں کے ایک قبیلے کو دکھایا جائے گا، جو اپنی آزادی کی جدوجہد کریں گے، یہ فلم حقیقی کہانی پر مبنی ہے‘۔

مزید پڑھیں: ’کرم سے ڈکیت، دھرم سے آزاد‘

رنبیر کپور نے مزید کہا کہ ’میں جس طرح کی فلمیں کرتا ہوں شمشیرا ان سے کافی مختلف ہے، اس میں میرا باقی فلموں جیسا رومانوی کردار نہیں‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اس فلم کا ٹیزر سامنے آیا تھا، جس میں رنبیر کپور کے کردار کی جھلک پیش کی گئی تھی۔

شمشیرا کی شوٹنگ کا آغاز اس سال کے آخر میں ہوگا، جبکہ اسے 2019 تک مکمل کرلیا جائے گا۔

رنبیر کپور کے مطابق فلم میں ایکشن کے ساتھ ساتھ رومانس بھی دکھایا جائے گا، کیوں کہ ہندی فلمیں اس کے بغیر مکمل نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وانی کپور ’شمشیرا‘ کی ہیروئن

فلم میں وانی کپور پہلی مرتبہ رنبیر کپور کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔

35 سالہ رنبیر کپور اس وقت ایان مکھرجی کی فلم ’براہمسٹرا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ عالیہ بھٹ اور امیتابھ بچن کام کرتے نظر آئیں گے۔

اس کے علاوہ وہ اپنی فلم ’سنجو‘ کی پروموشنز میں بھی مصروف ہیں، جو 29 جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں