نگراں حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 99 روپے 50 پیسے ہوگئی۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 14 روپے اضافے کے بعد 119 روپے 31 پیسے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے 36 پیسے اضافے کے بعد 87 روپے 70 پیسے ہوگئی۔

لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 80 روپے 91 پیسے ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق ہفتہ کی رات 12 بجے سے ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ مشکل مالی حالات کے سبب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نگراں حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ یکم جون کو حکومتی باگ دوڑ سنبھالنے والی نگراں حکومت نے پہلے تو ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے اس میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تاہم 11 جون کو اس نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 55 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا تھا۔

اوگرا نے جون کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 12 روپے فی لیٹر تک اضافے کی سفارش کی تھی۔

تاہم مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت نے 7 جون تک پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے یہ معاملہ نگراں حکومت کے سپرد کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں