جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست، بیلجیئم فاتح

اپ ڈیٹ 03 جولائ 2018
بیلجیئم کے اسٹار فلینی نے ہیڈر پر گول کیا— فوٹو: اے ایف پی
بیلجیئم کے اسٹار فلینی نے ہیڈر پر گول کیا— فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ فیورٹ بیلجیئم نے پری کوارٹر فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو 2-3 شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ برازیل سے ہو گا۔

روستوو ارینا میں کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا جبکہ خلاف توقع جاپان کی ٹیم نے بھی بھرپور کھیل پیش کیا۔

دونوں ٹیموں خصوصاً بیلجیئم کی ٹیم کو گول کرنے کے متعدد مواقع ملے لیکن دونوں ہی ٹیمیں کوئی گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

میچ کے پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا لیکن دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی جاپان کے گینکی ہراگوچی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

ابھی بیلجیئم کی ٹیم اس حملے کے صدمے سے نکلی بھی نہ تھی کہ میچ کے 52ویں منٹ تکاشی انوئی نے خوبصورت ہٹ لگا کر گیند کو گول میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا۔

جاپان کی جانب سے کیے گئے پہلے گول کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
جاپان کی جانب سے کیے گئے پہلے گول کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب بیلجیئم کی ٹیم نے تابڑ توڑ حملے شروع کر دیے لیکن انہیں اگلے 15منٹ تک کوئی بھی کامیابی نہ مل سکی۔

اس دوران ہی بیلجیئم کی ٹیم نے ایک ساتھ دو تبدیلیاں کرتے ہوئے فلینی اور ناصر چیڈلی کو میدان میں اتارا جس کے ساتھ ہی میچ کا نقشہ تبدیل ہو گیا اور بیلجیئم نے منظم حملے شروع کردیے۔

اس دوران ایک حملے میں بیلجیئم کے گول کیپر نے گیند کو کلیئر کیا لیکن دوسری جانب گول سے کافی دور موجود ورٹونگن نے ہیڈر پر شاندار گول کر کے خسارہ کم کردیا۔

بیلجیئم نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور انہیں دوسری کامیابی 5منٹ بعد ہی اس وقت ملی جب فلینی نے ہیڈر پر گیند کو گول میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا۔

دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گولوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رہا جسے دونوں ہی جانب گول کیپرز اور دفاعی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل سے ناکام بنا دیا۔

کھیل کے اختتامی منٹ میں جاپان کو ایک کارنر ملا جس پر ایشیائی ٹیم گول نہ کر سکی لیکن بیلجیئم فوراً کامیاب جوابی حملہ کرتے ہوئے عمدہ موو بنائی اور میچ کے اختتام سے محض 20سیکنڈ قبل ناصر چیڈلی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی بیلجیئم کی ٹیم نے نیا ریکارڈ بنا دیا جہاں وہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں 2 گول کے خسارے میں جانے کے بعد میچ جیتنے والی 48سال بعد پہلی ٹیم بن گئی۔

1978 میں اس سے قبل مغربی جرمنی نے انگلینڈ کے خلاف 2-0 کے خسارے میں جانے کے بعد دو گال کیے تھے اور اس کے بعد 48سال تک مزید کوئی ٹیم یہ اعزاز حاصل نہ کر سکی تاہم اب بیلجیئم نے ایک عرصے بعد یہ اعزاز حاصل کر لیا۔

اس شکست کے ساتھ ہی جاپان کی ورلڈ کپ کی مہم اختتام پذیر ہوئی اور بیلجیئم کی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اس کا مقابلہ 5مرتبہ کی عالمی چیمپیئن برازیل سے ہو گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں