چمن: پاک افغان سرحد پر دھماکے میں تین افراد ہلاک

کوئٹہ: چمن کے قریب پاک افغان سرحد پر جمعرات کو ہونے والے دھماکے میں فرنٹیئر کورپس کے اہلکار سمیت کم از کم تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔
فرنٹیئر کورپس کے ذرائع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے سرحد پر واقع فرینڈشپ گیٹ کے قریب ایک ہاتھ گاڑی میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک فرنٹیئر کورپس کا اہلکار مذکورہ گاڑی کو چیک کر ہی رہا تھا کہ اسی وقت ایک زوردار دھماکا ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار اور دو شہری ہلاک جبکہ چار ایف سی اہلکاروں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔
جمعرات کو پاک افغان سرحد پر ویش منڈی کے علاقے میں سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے میں سات افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ایف سی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تفتیش کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ دھماکے کے بعد سرحد پر واقع پاک افغان فرینڈ شپ گیٹ بند کر دیا گیا ہے۔
ابھی تک کسی نے بھی اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔











لائیو ٹی وی