پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اللہ کا ایک قانون ہے اور اگر کوئی خداوندِ کریم کا حکم نہیں مانتا تو اسے دنیا میں ذلیل ہوتے دیکھا ہے۔

گولڑہ شریف میں علماء مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے جتنے مواقع نواز شریف کو دیے اتنے کسی کو نہیں دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان اوپر جاتا ہے تو وہ سمجھتا ہے کہ میں نیچے نہیں آؤں گا، اسے نیچے بھی آنا ہوتا ہے، صرف اللہ ہی ہمیشہ کے لیے ہے، انسان فانی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ 6 جولائی کو پہلی مرتبہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہوئی ہے، جہاں احتساب عدالت نے ایک طاقتور کو سزا سنائی۔

مزید پڑھیں: ’عمران خان! الیکشن کا فیصلہ ہوچکا‘

اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 21 سال کرکٹ کے میدان میں گزارے، اور اس دوران کھیل سے انہوں نے بہت کچھ کچھ سیکھا ہے۔

عمران خان نے ختم نبوت کے معاملے پر راجہ ظفر الحق کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا بھی مطالبہ کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران ڈالر کی قدر دگنی ہوگئی جبکہ قرض 6 ہزار ارب ڈالر سے بڑھ کر 27 ہزار ارب ڈالر ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک چھوٹا سا طبقہ امیر ہوتا جارہا ہے، سابق وزیرِ اعظم کو 30 ہزار کروڑ روپے کا حساب دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف 25 جولائی سے پہلے پاکستان آئیں گے،مسلم لیگ (ن)

عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اقتدار میں آکر پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں کی طرح چلائیں گے۔

ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ

خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا دی تھی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایوان فیلڈ کا ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف پر 80 لاکھ پاؤنڈ (ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد) اور مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈ (30 کروڑ روپے سے زائد) جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

اس کے علاوہ احتساب عدالت نے شریف خاندان کے لندن میں قائم ایون فیلڈ پراپرٹی ضبط کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں