خضدار میں پروفیسر قتل، ڈیرہ بگٹی سے تین لاشیں برآمد

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے خضدار میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک پروفیسر کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ ڈیرہ بگٹی سے تین افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔
ایک پولیس آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے قریب واقع علاقے غازی نالہ میں پولیس کو تین افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں لاشیں ڈیرہ بگٹی کے حکومتی حمایت یافتہ امن لشکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہیں جہاں انہیں سوئی کے قریبی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب خضدار میں نامعلوم افراد نے ایک کالج پروفیسر کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
ایک پولیس آفیشل عبدالقادر نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ خضدار کے علاقے چاکر خان روڈ پر دو مسلح شدت پسندوں نے پروفیسر عبدالرزاق پر فائرنگ کر دی۔
انہوں نے بتایا کہ پروفیسر موٹر سائیکل پر اپنے ایک ساتھی عبدالحکیم کے ساتھ جارہے تھے کہ ان پر فائرنگ کر دی گئی، پروفیسر عبدالرزاق اسپتال جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے زخمی ساتھی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پروفیسر عبدالرزاق خضدار ڈگری کالج میں پڑھاتے تھے۔
پولیس آفیشل کا کہنا تھا کہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے جبکہ حادثے کے بعد حملہ آور باآسانہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ابھی تک کسی نے بھی دونوں واقعات کی ذمے داری قبول نہیں کی۔











لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں