کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور نجی تیل کمپنیوں میں 63 ارب روپے کے اسکینڈل میں ملوث 5 ملزمان کو کراچی، اسلام آباد اور ہنزہ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی سے گرفتار 3 ملزمان کو ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا جبکہ سینئر جنرل منیجر اور سابق جنرل منیجر پی ایس او کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

نیب کی جانب سے 11 جولائی کو کراچی میں گرفتار کیے گئے ملزمان میں پی ایس او سی ایل کے سابق جنرل منیجر (سپلائی) اختر ضمیر، بائیکو پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (بی پی پی ایل) کے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر کامران افتخار لاری اور بائیکو آئل پاکستان لمیٹڈ (بی او پی ایل) کے سابق سی ای او قیصر جمال شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ’اربوں کی کرپشن کرنے والوں پر پھول نچھاور کرنا ملک کی توہین ہے‘

اس کے علاوہ دوسری کارروائی میں نیب نے اسلام آباد سے پی ایس او کے (ریٹیل، کنزیومر بزنس) کے سابق جنرل منیجر اور جن پیٹرولیم کے سی ای او سید ذوالفقار علی جعفری کو گرفتار کیا جبکہ ہنزہ گلگت بلتستان سے پی ایس او کے سابق جنرل منیجر مارکیٹنگ ڈاکٹر سید نظر اے زیدی کو حراست میں لیا گیا۔

نیب کے مطابق یہ پانچوں ملزمان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت میں بد عنوانی کے حوالے سے اسکینڈل میں مطلوب تھے اور پی ایس او نے آئل کمپنیوں کے ساتھ غیر قانونی معاہدے کرنے کا الزام لگایا تھا، جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا تھا۔

ملزمان نے آپس کی ملی بھگت سے 09-2008 میں بی پی پی ایل کو 2 ارب 43 کروڑ روپے کے خام تیل کی فراہمی کا غیر قانونی ٹھیکہ دیا تھا جبکہ اس سلسلے میں کوئی ادائیگی نہیں کی گئی تھی۔

نیب کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سابق پی ایس او حکام نے اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے 2012 میں بائیکو آئل پاکستان لمیٹڈ کے ساتھ غیر قانونی طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ کیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بی او پی ایل 2013 میں کمیشن ہوا۔

اس غیر قانونی معاہدے کے نتیجے میں پی ایس او کو غیر معیاری مصنوعات فراہم کی گئی، جس سے قومی خزانے کو 60 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: اربوں روپے کی کرپشن، شرجیل میمن کو نیب حکام نے گرفتار کرلیا

نیب کے مطابق تحقیقات کے دوران نیب کے سامنے یہ بات بھی آئی کہ پی ایس او کی مینجمنٹ نے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے بی پی پی ایل کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا ایک اور معاہدہ کیا، جس کے تحت پی ایس او نے غیر معمولی سبسڈی کی شرح پر اعلیٰ کوالٹی کی درآمد شدہ (ایچ ایس ڈی اور پیٹرولیم) مصنوعات بی پی پی ایل کو فراہم کیں، جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

اس حوالے سے نیب حکام کا کہنا تھا کہ ’پی ایس او نے اپنے غیر قانونی ذاتی فائدے کے حصول کے لیے پیٹرولیم کے کاروبار میں اپنی منظورِ نظر کمپنیوں کو بڑھانے کے لیے بدنیتی کے ساتھ 3 معاہدے کیے‘۔

نیب کے مطابق اس پورے اسکینڈل کے ذریعے قومی خزانے کو 63 ارب 68 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Jul 15, 2018 05:40pm
63 ارب روپے معمولی رقم نہیں ہوتی، قومی خزانے کو اتنا نقصان اور ایک غیر ملکی ادارے ابراج کے زیر انتظام بائیکو کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچانا بہت بڑا جرم ہے، ابراج کمپنی کے تقریباً تمام معاملات میں کوئی نہ کوئی غیرقانونی کام نظرآجاتا ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ زیادہ فکر کی بات یہ ہے کہ ریحام خان کی کتاب کے مطابق 2013 کے الیکشن میں ابراج نے عمران خان کی انتخابی مہم کو فنانس کیا تھا، ہمارے ملک کا انتظام چلانے والوں سے گزارش ہے کہ وہ سب سے پہلے ملک کے بارے میں سوچیں، اس ملک نے ہمیں سب کچھ دیا ہے، پاکستان لوٹنے کے لیے نہیں بنا، پاکستان کا دنیا میں سربلند ہوگا تو ہمیں بھی اس سے خوشی ملے گی نہ کہ مگر مچھ بن کر اس کو ہڑپ کرجائیں۔ ایک بات یہ بھی کہ اربوں روپے لوٹنے والے پاکستان سے بھاگ جاتے ہیں تو وہ یہ یاد رکھیں کہ بیرون ملک ان کی حیثیت دو کوڑی کی بھی نہیں ہوتی۔