نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 25 جولائی کو عام انتخابات سے قبل تمام شناختی کارڈز کی پرنٹنگ اور ان کی ترسیل کی کوششیں تیز کر دیں۔

چیئرمین نادرا عثمان مبین کی سربراہی میں نادرا ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں عام انتخابات کے پیش نظر شناختی کارڈ کی بروقت پرنٹنگ اور 25 جولائی سے قبل ان کی ترسیل کو ممکن بنانے، چوبیس گھنٹہ پرنٹنگ کا عمل جاری رکھنے اور ملک بھر میں تمام نادرا دفاتر کو کھلے رکھنے کے فیصلے کیے گئے۔

نادرا انتطامیہ نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے پیش نظر تمام شناختی کارڈ بشمول نارمل کیٹگری کو ہنگامی بنیادوں پر پرنٹ کرنے فیصلہ کیا۔

نادرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ایسے تمام شناختی کارڈز کی درخواستیں بشمول نارمل، جو 16 جولائی سے پہلے موصول ہوئیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر پرنٹ کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: نادرا کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے سے متعلق افواہوں کی تردید

بیان میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ نادرا 16 جولائی سے تمام درخواست گزاروں سے ان کے پرانے کارڈز ضبط نہیں کر رہا، لہٰذا ایسے شناختی کارڈز جن کی میعاد ختم ہو چکی ہے وہ بھی عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔

ملک بھر میں تمام نادرا سینٹرز بشمول ہفتہ و اتوار رات 9 بجے تک کارڈز کی ترسیل کے لیے کھلے رہیں گے، جبکہ عام انتخابات کے دن بھی نادرا دفاتر دوپہر 2 بجے تک کھلے رہیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ نادرا نے متعلقہ کوریئر کمپنی کو بھی ہفتہ و اتوار ملک بھر میں کارڈز کی ترسل کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں