فیفا نے رواں سال بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے 10ناموں کو شارٹ لسٹ کردیا ہے جس میں کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا راج رہا۔

فیفا کے بہترین کھلاڑی کے لیے 10 کھلاڑیوں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جس میں عالمی کپ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کرنے والے کروشیا کے لوکا موڈرچ بھی شامل ہیں۔

عالمی کپ میں بیلجیئم کے لیے عمدہ کھیل پیش کرنے والے ایڈن ہیزارڈ اور کیون ڈی برون بھی اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جبکہ ان کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے ہیری کین بھی فہرست کا حصہ ہیں۔

لیورل پول کے لیے عمدہ کھیل پیش کرنے والے مصر کے محمد صلح بھی فہرست کا حصہ ہیں لیکن پیرس سینٹ جرمین کے اسٹار فارورڈ نیمار اس فہرست میں جگہ نہ بنا سکے۔

پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اپنے ملک کو تو عالمی کپ میں کچھ خاطر خواہ کامیابیاں نہ دلا سکے لیکن انہوں نے 54 لیگ مقابلوں میں اتنے ہی گول اسکور کر کے ایک اور سال کو یادگار بنایا اور ان کی اس کارکردگی کی بدولت ریال میڈرڈ نے لگاتار تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنے کے ساتھ ساتھ کلب ورلڈ کپ بھی جتوایا۔

جن 10کھلاڑیوں کو فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے ان میں کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، کیون ڈی برون، ایڈن ہیزارڈ، اینٹوئن گریزمین، ہیری کین، لوکا موڈرچ، کائلیان ایمباپے، محمد صلح اور رافیل ویرین شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ سال کے بہترین کوچ کے لیے 11ناموں کا اعلان کیا گیا ہے جس میں عالمی چیمپیئن فرانس کے ڈائیڈیئر ڈیشمپ اور ریال میڈرڈ کو لگاتار تین مرتبہ چیمپیئنز لیگ جتوانے والے زین الدین زیڈان شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ کی فائنلسٹ کروشیا کے کوچ زلاٹکو ڈیلک کو ان کی ٹیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت اس فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ انگلینڈ کے گیرتھ ساؤتھ گیٹ اور بیلجیئم کے روبرٹو مارٹینیز بھی امیدواروں ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں