پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے اعلان کردہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں ایک درجہ تنزلی کا شکار ہونے والے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بورڈ کے رویے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ لینے پر غور شروع کردیا ہے۔

پی سی بی نے گزشتہ روز نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا تھا جس میں حفیظ کی ایک درجہ تنزلی کرتے ہوئے انہیں اے سے بی کیٹیگری میں جگہ دی گئی۔

37سالہ حفیظ ایک عرصے سے پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کی سرفہرست کیٹیگری کا حصہ ہیں تاہم ناقص فارم اور مشکوک باؤلنگ ایکشن جیسے مسائل کے سبب اے کیٹیگری میں اپنی جگہ برقرار نہ رکھ سکے اور ان کی جگہ بابر اعظم کو اے کیٹیگری کا انعام ملا۔

تاہم محمد حفیظ پی سی بی کے اس رویے سے نالاں ہیں اور انہوں نے بورڈ کے 'امتیازی سلوک' پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ پر غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حفیظ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کریں گے۔

حفیظ کو جہاں دیگر مسائل کا سامنا ہے وہیں ٹیم مینجمنٹ خصوصاً کوچ مکی آرتھر سے بھی ان کے تعلقات ان دنوں کچھ اچھے نہیں ہیں اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے ابتدائی 4 میچوں کے لیے ہیڈ کوچ نے انہیں فائنل الیون سے ڈراپ کردیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اس رویے پر برہم محمد حفیظ نے سیریز کا پانچواں میچ کھیلنے سے خود انکار کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں