سری دیوی کی بیٹی شاہ رخ کے بیٹے کی ہیروئن بننے کو تیار؟

اپ ڈیٹ 31 اگست 2018
امکان ہے کہ فلم ساز جلد ہی اعلان کریں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
امکان ہے کہ فلم ساز جلد ہی اعلان کریں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ میں کافی عرصے سے اقربا پروری پر زوردار بحث جاری ہے اور جہاں کئی نامور اداکار و فلم ساز اس کی مخالفت کرتے نظر آتے ہیں، وہیں کئی بڑے بڑے نام اس کی حمایت بھی کرتے نظر آتے ہیں۔

حال ہی میں اداکار سنی دیول نے بھی اقربا پروری کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن لوگوں کو مواقع نہیں ملتے اور جو کامیاب نہیں ہوسکتے، وہی اس عمل کے خلاف رونا روتے ہیں۔

سنی دیول سے قبل عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور جیسے اداکاروں نے بھی بولی وڈ میں اقربا پروری کے موجود ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

کرینہ کپور بھی کہ چکی ہیں کہ اگرچہ انڈسٹری میں اقربا پروری موجود ہے، تاہم اس سے کسی کو کامیاب نہیں مل سکتی۔

اداکارہ کنگنا رناوٹ نے تو فلم ساز کرن جوہر پر الزام عائد کیا کہ وہی انڈسٹری میں اقربا پروری کو پھیلانے کے سب سے بڑے ذمہ دار ہیں اور دیکھا جائے تو یہ کوئی غلط الزام بھی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام

کرن جوہر نے جہاں 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر’ کے ذریعے فلم ساز مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ اور ہدایت کار ڈیوڈن دھون کے بیٹے ورن دھون کو فلم انڈسٹری میں متعارف کرایا۔

وہیں حال ہی میں انہوں نے ‘دھڑک’ کے ذریعے سری دیوی کی بڑی بیٹی جھانوی کپور کو بھی متعارف کرایا۔

آریان خان کی بہن سہانا خان کی بھی فلم انڈسٹری میں آنے کی چہ مگوئیاں جاری ہیں—فوٹو: آریان خان انسٹاگرام
آریان خان کی بہن سہانا خان کی بھی فلم انڈسٹری میں آنے کی چہ مگوئیاں جاری ہیں—فوٹو: آریان خان انسٹاگرام

لیکن اب اطلاعات ہیں کہ وہ جلد ہی سری دیوی کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور اور شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو بھی متعارف کرانے جا رہے ہیں۔

جی ہاں، ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں ایک اور نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی کرن جوہر اپنی ہوم پروڈکشن کے تحت بننے والی فلم کے ذریعے خوشی کپور اور آریان خان کو متعارف کرانے جا رہے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ کرن جوہر نے اداکاروں کے بچوں کو متعارف کرانے کے لیے بہت ہی دلچسپ اسکرپٹ کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے اور جلد ہی اس حوالے سے اہم اعلان متوقع ہے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ فلم کب ریلیز ہوگی اور اس کی دیگر کاسٹ میں اور کون شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ میں اقرباپروری سےکامیابی ناممکن، کرینہ کپور

واضح رہے کہ کرن جوہر کی 2012 کی کامیاب فلم ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر’ کے سیکوئل ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2’ میں اداکار چنکے پانڈے کی بیٹی اننیا پانڈے کو بھی کاسٹ کیا ہے، جس کی شوٹنگ جاری ہے۔

علاوہ ازیں کرن جوہر کی پروڈیوس کردہ فلم ‘سمبا’ میں سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کو بھی کاسٹ کیا گیا ہے، جس میں وہ رنویر سنگھ کی ہیروئن کا کردار ادا کریں گی۔

کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک اور فلم ‘تخت’ میں بھی کئی ایسے اداکار کاسٹ کیے گئے ہیں، جو ایک دوسرے کے رشتہ دار یا اداکاروں اور فلم سازوں کے رشتہ دار ہیں۔

مغل دور پر بنائی جانے والی فلم ‘تخت’ میں انیل کپور، کرینہ کپور، جھانوی کپور، رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ اور بھومی پڈنیکر سمیت دیگر کئی اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا ہے۔

خوشی کپور کی بڑی بہن جھانوی کپور نے بھی رواں برس اداکاری کی شروعات کی ہے—فوٹو: جھانوی کپور انسٹاگرام
خوشی کپور کی بڑی بہن جھانوی کپور نے بھی رواں برس اداکاری کی شروعات کی ہے—فوٹو: جھانوی کپور انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں