گرانٹ بریڈ برن قومی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ مقرر

اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2018
گرانٹ بریڈبرن اسکاٹ لینڈ کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے— تصویر بشکریہ پی سی بی
گرانٹ بریڈبرن اسکاٹ لینڈ کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے— تصویر بشکریہ پی سی بی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گرانٹ بریڈ برن کو آئندہ تین سال کے لیے اسٹیو رکسن کی جگہ قومی کرکٹ ٹیم کا نیا فیلڈنگ کوچ مقرر کردیا۔

قومی ٹیم کے سابق کوچ اسٹیو رکسن کا پی سی بی سے معاہدہ رواں سال ختم ہو گیا تھا جس کے بعد وہ مزید ذمے داری نبھانے میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔

مزید پڑھیں: ڈیرن بیری نے 'پی سی بی' کی فیلڈنگ کوچ کی پیشکش مسترد کردی

انہوں نے قومی ٹیم کے مسلسل سفر اور ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ مزید ذمہ داری نبھانے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد گرانٹ بریڈ برن کو قومی ٹیم کا نیا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

رکسن کی معذرت کے بعد آسٹریلین اسٹیٹ ٹیم کے سابق کرکٹر ڈیرن بیری کو فیلڈنگ کوچ بننے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے یہ پیشکش مسترد کردی تھی۔

سابق وکٹ کیپر بلے باز اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں البتہ ان کا کہنا تھا کہ وہ ابھی بیرون ملک کُل وقتی ملازمت کے لیے تیار نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ آئی پی ایل کا حصہ بننے کیلئے تیار

نئے فیلڈنگ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم کو متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایشیا کپ کے دوران جوائن کریں گے۔

گرانٹ بریڈ برن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اور بہترین کوالٹی کے کوچنگ سٹاف کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا ایک اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی کوچنگ میں پاکستانی ٹیم میں کافی بہتری آئی ہے اور جون میں دورہ اسکاٹ لینڈ کے دوران پاکستانی ٹیم کی فزیکل اور فیلڈنگ میں مثبت تبدیلی نظر آئی تھی اور میری بھی کوشش ہوگی کہ پاکستان ٹیم کی فیلڈنگ میں بہتری لاؤں۔

52 سالہ بریڈ برن نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر ہیں اور 7 ٹیسٹ اور 11 ون ڈے میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: فیلڈنگ کوچ تنازع کا نیا رخ

پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے کوچنگ کے شعبے کو اپنایا اور 2008 میں ناردرن ڈسٹرکٹ کے کوچ مقرر کیے گئے۔

اس کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ کی انڈر19 اور اے ٹیم کی بھی کوچنگ کی جس کے بعد 2014 میں اسکاٹ لینڈ نے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ان کی خدمات حاصل کیں جو انہوں نے 2018 تک انجام دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں