بلوچستان میں با اثر کاشتکاروں کیخلاف پانی چوری کا مقدمہ درج

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلعہ نصیر آباد میں پیٹ فیڈر نہر سے پانی چوری کا مقدمہ چھ با اثر کاشتکاروں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے سیکریٹری آبپاشی نصیب اللہ بازئی نے ہفتہ کے روز ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ضلع نصیر آباد کے چھ کاشتکار کافی عرصہ سے پیٹ فیڈر نہر سے پانی چوری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی نے ضلعی انتظامیہ سے پانی کی چوری میں ملوث با اثر کاشتکاروں کو گرفتار کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ ہم ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی نے دو سو غیر قانونی پمپنگ مشینیں ہٹا دیں ہیں، جو با اثر کاشتکاروں نے پیٹ فیڈر اور کرتھر نہر پر نصب کیں .
بازئی نے کہا کہ با اثر کاشتکاروں کی پانی چوری کے باعث غریب کاشتکار اور کسان پانی کی کمی کا شکار ہیں۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلاب کے خطرات کے حوالے سے سیکریٹری آبپاشی نے کہا کہ تمام متعلقہ ایگزیکٹو انجینیئر سیلاب سے نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی بنا رہے ہیں اور اس حوالے سے ہائی الرٹ ہیں۔
بازئی نے بتایا کہ خولو، اور زیارت کے ایگزیکٹو انجینیئرز کو ڈیوٹی سے غیر حاضری کے باعث معطل کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس نازک صورتحال میں ہم افسران کی غیر حاضری برداشت نہیں کر سکتے۔
سیکریٹری آبپاشی نے کہا کہ ہم دوسرے محکموں کے ساتھ رابطے میں ہیں جو بلوچستان کے مختلف اضلاح میں مستقبل میں سیلاب اورموسلادھار بارش سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنا رہے ہیں۔











لائیو ٹی وی