ایشیا کپ کا فائنل کون کھیلے گا؟ پاکستان اور بنگلہ دیش آج مدمقابل

اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2018
بھارت نے ایشیا کپ کے دونوں میچوں میں پاکستان کو باآسانی شکست دی— فوٹو: اے ایف پی
بھارت نے ایشیا کپ کے دونوں میچوں میں پاکستان کو باآسانی شکست دی— فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ 2018 کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی جہاں میچ کی فاتح ٹیم 28 ستمبر کو بھارت کے مدِ مقابل ہوگی۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کی ٹیم بنگلہ دیش اور پاکستان کو شکست دے کر اور افغانستان کے ساتھ میچ برابر کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا اور اب دونوں ٹیمیں آج فائنل میں جگہ بنانے کے لیے میدان میں اتریں گی۔

گرین شرٹس کو اس میچ میں فتح درکار ہے، تاہم اگر یہ میچ بھی ٹائی ہوجاتا ہے تو اس صورت میں پاکستان فائنل میں پہنچ جائے گا، کیونکہ اس کا رن ریٹ بنگلہ دیش سے بہتر ہے۔

گزشتہ سال آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستان ٹیم ایشیا کپ کے آغاز سے ہی مشکلات سے دوچار ہے اور تینوں شعبوں میں ٹیم کو سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: بھارت اور افغانستان کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی

بیٹنگ کے شعبے میں شعیب ملک کے علاوہ دیگر بلے باز مستقل کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں تو دوسری جانب کوئی بھی باؤلر میچ وننگ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔

فیلڈنگ میں کارکردگی کا عالم یہ ہے کہ چند ماہ قبل بہترین فیلڈنگ ٹیم کی طرح کھیلنے والے کھلاڑی آخری دو میچز میں چھ کیچز ڈراپ کر چکے ہیں جبکہ ٹیم میدان میں جان لڑاتی ہوئی بھی نظر نہیں آرہی۔

باؤلنگ میں محمد عامر، حسن علی کے ساتھ ساتھ شاداب خان کی اسپن بھی کہیں گم ہو گئی اور یہاں بھی ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا ہے تاہم شاہین آفریدی نے گزشتہ دونوں میچز میں متاثر کن کھیل پیش کیا لیکن فیلڈرز نے ان کی گیند پر کل 4 کیچز گرا کر ان کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بظاہر کسی تبدیلی کا امکان نہیں لیکن آؤٹ آف فارم محمد عامر کی جگہ جنید خان کو موقع دیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سلیکشن کمیٹی کا سرفراز کو آئندہ سیریز میں آرام دینے کا فیصلہ

دوسری جانب انجری مسائل سے دوچار بنگلہ دیشی ٹیم کے لیے بھی اس میچ میں فتح آسان نہ ہوگی کیونکہ انہیں اپنے سب سے اہم بلے باز اور اوپنر تمیم اقبال کی خدمات حاصل نہیں جو ایونٹ کے ابتدائی میچ میں ہی زخمی ہو کر باہر ہو گئے تھے۔

میچ میں بنگلہ دیش کی امیدوں کا محور ایک مرتبہ پھر تجربہ کار شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم ہوں گے جبکہ باؤلنگ میں مہدی حسن اور مستفیض الرحمٰن بنگلہ دیش کے اہم ہتھیار ہوں گے۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں