راجہ جلال حسین مقپون نے نئے گورنر گلگت بلتستان کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2018
جسٹس جاوید اقبال گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے حلف لے رہے ہیں —فوٹو، امتیاز علی تاج
جسٹس جاوید اقبال گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے حلف لے رہے ہیں —فوٹو، امتیاز علی تاج

گلگت: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی صدر راجہ جلال حسین مقپون نے گورنر گلگت بلتستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

گورنر ہاؤس گلگت بلتستان میں تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں سپریم اپیلٹ کورٹ کے قائم مقام سربراہ جسٹس جاوید اقبال نے راجہ جلال حسین مقپون سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں وفاقی حکومت، گلگت بلتستان حکومت کے عہدیداران سمیت مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

راجہ جلال حسین مقپون گلگت بلتستان کے چھٹے گورنر ہیں جن کا تعلق وادی ہنرہ سے ہے اور وہ گلگت بلتستان میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر بھی ہیں۔

مزید پڑھیں: گورنر گلگت بلتستان عہدے سے مستعفی

نومنتخب گورنر گلگت بلتستان 2015 کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اکبر خان تابن سے صرف ایک ووٹ سے شکست کھا گئے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان کے سابق گورنر میر غضنفر علی خان نے رواں ماہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

غضنفر علی خان نے اپنا استعفیٰ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوایا تھا۔

اس وقت گلگت بلتستان اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے اور یہ قانون ساز اسمبلی 2020 میں اختتام پذیر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ’گلگت بلتستان والوں کو آئین میں دیگر شہریوں جیسے تمام حقوق حاصل ہیں‘

پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں جاری خبروں کے مطابق وفاقی حکومت کے نمائندوں نے چند روز قبل غضنفر علی خان سے ملاقات کی تھی اور ان سے ان کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

غضنفر علی خان نے کسی بھی تنازع سے بچنے کے لیے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

گلگت بلتستان آرڈر 2018 کے مطابق گلگت بلتستان کے گورنر کے عہدے کے لیے ضروری ہے کہ امیدوار اسی علاقے کا رہائشی ہو۔

ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ جلال حسین مقپون حسین نے کہا کہ ان کی اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات ہوئی ہے اور انہیں گورنر گلگت بلتستان تعینات کرنے کی بات کی گئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے پارٹی میٹنگ کے دوران یہ تجویز پیش کی تھی کہ ان کے علاوہ بھی کسی دوسرے پی ٹی آئی امیدوار کو اس عہدے کے زیرِ غور لانا چاہیے۔

راجہ جلال حسین مقپون نے بتایا کہ ’پارٹی کے سینئر لیڈر جہانگیر ترین چاہتے تھے کہ میں ہی گلگت بلتستان کے گورنر کا عہدہ سنبھالوں‘۔

تبصرے (0) بند ہیں