پاکستان جیتی بازی ہار گیا، آسٹریلیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے میں کامیاب

اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2018
عثمان خواجہ سنچری کی تکمیل پر داد کا جواب دے رہے ہیں، انہوں نے 141رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی
عثمان خواجہ سنچری کی تکمیل پر داد کا جواب دے رہے ہیں، انہوں نے 141رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی

یاسر شاہ کی عمدہ باؤلنگ رائیگاں گئی اور عثمان خواجہ، ٹریوس ہیڈ اور ٹم پین کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف چوتھا ٹیسٹ میچ ڈرا کر دیا۔

پاکستان نے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے روز دوسری اننگز 181 رنز پر ڈیکلیئر کرکے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دیا تھا۔

چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا کے 136 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے اور اسے جیت کے لیے مزید 326 رنز درکار تھے۔

آج پانچویں اور آخری روز کا کھیل شروع ہوا تو عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا۔

دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کا خوب امتحان لیا اور دن کے پہلے سیشن میں کوئی وکٹ نہ لی۔

ٹریوس ہیڈ 219 کے مجموعے پر محمد حفیظ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے، انہوں نے 72 قیمتی رنز بنائے۔

252 کے مجموعے پر آسٹریلیا کو چھٹا نقصان پہنچا جب پہلا میچ کھیلنے والے مارنس لبوشین محض 13 رنز بناکر یاشر شاہ کیوکٹ بنے اور ایک مرتبہ پھر پاکستان کی میچ جیتنے کی امیدیں پیدا ہو گئیں۔

لیکن دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ ڈٹے رہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ساتویں سنچری اسکور کی۔

انہوں نے کپتان ٹم پین کے ہمراہ پاکستانی باؤلرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کی اور ساتویں وکٹ کے لیے 79رنز جوڑ کر پاکستان سے فتح چھیننے کی کوشش لیکن یاسر شاہ کے شاندار اسپیل نے میچ کا رخ یکدم پلٹ دیا۔

لیگ اسپنر نے 141رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے عثمان کو آؤٹ کر کے اہم شراکت کا خاتمہ کیا اور پھر اگلے اوور میں پیٹر سڈل اور مچل اسٹارک کی وکٹیں حاصل کر کے میچ کا نتیجہ آنے کی امیدیں پھر سے زندہ کردیں۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی ٹیسٹ: بلال کی تباہ کن باؤلنگ، آسٹریلین ٹیم 202 رنز پر آؤٹ

لیکن کپتان ٹم پین کا ساتھ دینے نیتھن لایون آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ڈٹ کر پاکستانی باؤلرز کا سامنا کیا اور آخری 12اوورز تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور یوں آسٹریلیا نے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کرتے ہوئے پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کردیا۔

آسٹریلیا نے چوتھی اننگز میں 140اوورز تک بیٹنگ کی اور پاکستان کی میچ میں جیت کے ارمانوں کو خاک میں ملا دیا۔

جب میچ کے پانچویں دن کے خاتمے کا اعلان کیا گیا تو آسٹریلیا نے 8وکٹوں کے نقصان پر 362رنز بنائے تھے۔

عثمان خواجہ کو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 16اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں