ٹوئٹر نے جعلی اکاﺅنٹس کو رپورٹ کرنے کے عمل کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان بنادیا ہے۔

ابھی تک ٹوئٹر کی جانب سے صارفین کو جعلی اکاﺅنٹس یا اسپام ٹوئٹس کے حوالے سے رپورٹ کرنے کا محدود آپشن دستیاب تھا۔

مگر اب اسے بدل دیا گیا ہے اور اب صارفین جب کسی ٹوئیٹ یا اکاﺅنٹ کی رپورٹ کریں گے تو وہ اسپام کی اقسام کی وضاحت بھی کرسکیں گے۔

صارفین اب ایسی ٹوئیٹس کی رپورٹ کرسکیں گے جو کہ کسی بوٹ یا جعلی اکاﺅنٹ سے کی گئی ہے یا بتا سکیں گے کہ اس ٹوئیٹ میں کوئی مشتبہ لنک موجود ہے۔

اسی طرح غیر متعلقہ ہیش ٹیگ کے ساتھ کی جانے والی ٹوئیٹس کو رپورٹ کرنے کا آپشن بھی دیا جارہا ہے، اس طریقہ کار کو اکثر اپنی ٹوئیٹس کو ٹرینڈز کا حصہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ٹوئٹر کی جانب سے کسی صارف کی جانب سے اسپام ریپلائی کو رپورٹ کرنے کا بھی فیچر اب دستیاب ہوگا۔

یہ رپورٹنگ ٹولز اب تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے، جس کا مقصد جعلی خبروں کو پھیلنے سے روکنے، سازشی خیالات کی روک تھام اور بوٹ اکاﺅنٹس کے مسئلے پر قابو پانا ہے۔

کمپنی نے رواں سال جولائی میں اس طرح کے 7 کروڑ جعلی اکاﺅنٹس ڈیلیٹ کرنے کا بیان دیا تھا مگر اب کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے ٹولز سے اس طرح کے اکاﺅنٹس کو زیادہ تیزی سے ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں