’معافی مانگتا ہوں، اگلی بار زیادہ محنت کروں گا‘

28 نومبر 2018
فلم منفی ریویوز اور بری پرفارمنسز کے باعث باکس آفس پر فلاپ ہوگئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم منفی ریویوز اور بری پرفارمنسز کے باعث باکس آفس پر فلاپ ہوگئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ مسٹر پرفیکٹشنسٹ عامر خان نے اپنی رواں سال ریلیز ہوئی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی ناکامی کی پوری ذمہ داری اپنے سر لے لی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عامر خان نے اپنے مداحوں سے فلم کی ناکامی پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ اس سال اپنی فلم کے ساتھ شائقین کو محظوظ کرنے میں ناکام رہے۔

خیال رہے کہ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ رواں ماہ 8 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کے لیے ہر گزرتا دن چیلنج

اس فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے روز اب تک کی سب سے زیادہ پہلے دن کمائی کرنے والی فلم کا ریکارڈ تو حاصل کیا تاہم بعدازاں منفی ریویوز اور شائقین کی برائی کے باعث فلم باکس آفس پر اچھی کمائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔

اپنی فلم کی ناکامی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ’میں اس فلم کی ناکامی کی پوری ذمہ داری اپنے اوپر لیتا ہوں، ہم نے اپنی پوری کوشش کی تھی، کچھ لوگوں کو فلم پسند آئی اور میں ان کا شکر گزار ہوں، خوشی ہوئی کہ انہیں فلم پسند آئی، لیکن زیادہ تر افراد کو فلم پسند نہیں آئی، تو یقیناً ہم سے کچھ غلطی ہوئی ہوگی‘۔

اداکار نے مزید کہا کہ ’میں ان تمام ناظرین سے معافی مانگتا ہوں جو ہماری فلم دیکھنے آئے، کیوں کہ میں کوشش کرنے کے باوجود انہیں محظوظ نہیں کرپایا، مجھے ان لوگوں کے لیے بےحد برا لگا جو بہت سی امیدوں کے ساتھ تھیٹر آئے لیکن انہیں فلم پسند نہیں آئی‘۔

یہ بھی پڑھیں: ٹھگس آف ہندوستان دیکھنے پر پیسے خرچ کرنے چاہئیں؟

عامر خان نے یہ بھی کہا کہ وہ کھل کر فلم کی ناکامی پر بات نہیں کریں گے کیوں کہ ان کی فلم ان کے لیے اولاد جیسی ہے اور کامیابی کی طرح اس کی ناکامی بھی ان کی ہی ہے۔

فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ جلد چین میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ فلم میں عامر خان کے ساتھ امیتابھ بچن، کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ نے مرکزی کردار ادا کیا۔

فلم کی ہدایات وجے کرشنہ اچاریا نے دی، جس نے اپنی ریلیز کے پہلے روز 50 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کمائے تھے۔

جبکہ فلم اپنی ریلیز کے اتنے روز بعد اب تک صرف 140 کروڑ ہندوستانی روپے کمانے میںکامیاب ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں