پاکستان سے ٹیسٹ سیریز کیلئے جنوبی افریقی اسکواڈ کا اعلان

اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2018
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26دسمبر سے کھیلا جائے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26دسمبر سے کھیلا جائے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 13رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور نوجوان بلے باز زبیر حمزہ کو پہلی مرتبہ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

زبیر حمزہ تیسرے پر بیٹنگ کرنے والے نوجوان بلے باز ہیں اور گزشتہ 18ماہ سے بہترین فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے رنز کے ڈھیر لگا چکے ہیں اور اسی شاندار کارکردگی پر انہیں ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب انجری کا شکار ہونے والے لنگی نگیدی کی جگہ فاسٹ باؤلر ڈووان اولیویئر کو اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے جو پانچ ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں اور 90 فرسٹ کلاس میچوں میں 361وکٹیں لینے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

فاف ڈیوپلیسی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ورنن فلینڈر، کگیسو ربادا اور ڈیل اسٹین بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کے 13 رکنی اسکواڈ میں کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملا، ٹیمبا باووما، تھیونس ڈی برون، کوئنٹن ڈی کوک، ڈین ایلگر، زبیر حمزہ، کیشپ مہاراج، ایڈن مرکرم، ڈووان اولیویئر، ورنن فلینڈر، کگیسو ربادا اور ڈیل اسٹین شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ سے سیریز کے بعد اگلی منزل جنوبی افریقہ کے میدان ہیں جہاں پاکستان ٹیم کو تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26دسمبر سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ تین جنوری سے کیپ ٹاؤن اور سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 11جنوری سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں