صدر، وزیر اعظم، سفیروں اور اہم شخصیات کا بابائے قوم کو خراج تحسین

اپ ڈیٹ 25 دسمبر 2018
بابائے قوم کو جنم دن پر خراج تحسین پیش کیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
بابائے قوم کو جنم دن پر خراج تحسین پیش کیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 143 واں یوم پیدائش بھرپور جذبے سے منانے کا اہتمام کیا گیا۔

بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر جہاں ملک بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے، وہیں تعلیمی اداروں سمیت دیگر اداروں میں ان کی سالگرہ کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

کراچی سے اسلام آباد، پشاور سے کوئٹہ اور لاہور سے مظفر آباد تک تمام لوگ قائد اعظم کا یوم پیدائش مناتے نظر آئے، جب کہ انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد ہونے والی تقریبات میں بھی لوگوں نے شرکت کی۔

جہاں بابائے قوم کو پروگرامات کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا گیا، وہیں سوشل میڈیا پر بھی عوام اور اہم شخصیات نے بانی پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں لکھا کہ بابائے قوم نے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ ملک کے لیے اس وقت جدوجہد شروع کی، جب انہیں احساس ہوا کہ ہندو اکثریت ان کے حقوق کا خیال نہیں کرے گی۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ نیا پاکستان قائد اعظم کے پاکستان جیسا ہے، جس میں ان کی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

وزیر اعظم پاکستان نے قائد اعظم کی سالگرہ کے حوالے سے مزید لکھا کہ قائد اعظم نے پاکستان کو جمہوری ملک اور قوم کو رحمدل قوم قرار دیا، ان کے لیے سب سے اہم بات یہ تھی کہ اس ملک میں اقلیتوں کو بھی یکساں حقوق ملیں اور وہ ہندو مسلم سیاست کے سفیر تھے۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے علوی ہسپتال کی ایک ٹوئیٹ کو ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے بھی بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں جنم دن پر مبارک باد پیش کی۔

پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے بانی پاکستان کو ان کے یوم پیدائش پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی جدوجہد کی تعریف کی اور لکھا کہ قائد اعظم نے محنت کرکے قوم اور ملک کی تعمیر کی۔

پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر مصطفیٰ یرداکل کے نام سے بنے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی بانی پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ترکی کے سفیر نے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں موجود جناح ایوینیو کی تصویر بھی شیئر کی۔

حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے بھی بانی پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے اقوال شیئر کیے گئے۔

حکومت پاکستان کے آفیشل سوشل اکاؤنٹس سے متعدد بار بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اداکار اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن حمزہ علی عباسی نے بھی قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کیا اور انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں ایک اہم پیغام بھی دیا۔

حمزہ علی عباسی نے لکھا کہ وہ قائد اعظم کے چہرے پر اطمینان کی مسکراہٹ دیکھ سکتے ہیں کہ اب پاکستان کسی محافظ کے بغیر آگے نہیں بڑھ رہا، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ اس ملک اور سرزمین کو لوٹنے والوں کو آہستہ آہستہ سزا دی جاسکتی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن اسمبلی عامر لیاقت حسین نے بھی بانی پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ہم ایسی قوم بن جائیں جس کا بابائے قوم نے تصور کیا۔

عامر لیاقت سے حال ہی میں شادی کرنے والی سیدہ طوبیٰ لیاقت نے بھی بابائے قوم کو جنم دن کے موقع پر خراج تحسین پیش کیا۔

قومی کرکٹر فواد عالم نے بھی بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کیا اور بانی پاکستان کو ہر لحاظ سے ملک اور قوم کا ایک سچا رہنما قرار دیا۔

اداکار فیصل قریشی نے بھی بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قائد اعظم کا ایک قول لکھا۔

اداکارہ آمنہ شیخ نے بھی بانی پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور بابائے قوم کی جانب سے خواتین کی اہمیت اور خود مختاری کے لیے کہی جانے والی باتوں کو شیئر کرکے قوم کو یاد دلایا کہ قائد اعظم خواتین کی اہمیت سے واقف تھے اور انہوں نے ہی خواتین کو خود مختاری دی۔

اداکارہ نے بانی پاکستان کی جانب سے خواتین کے لیے کہے گئے الفاظ کو بھی لکھا۔

شخصیات کے علاوہ ملک کے اہم اور بڑے اداروں نے بھی یوم پیدائش کے موقع پر بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان ایئر لائن (پی آئی اے) نے بابائے قوم کے یوم پیدائش کے حوالے سے خصوصی نغمہ جاری کیا، جس میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

پی آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے نغمے میں بانی پاکستان کی جانب سے قوم اور ملک کی خدمات کو بھی دکھایا گیا۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے بھی بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے اقوال پر مبنی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں