کوئٹہ: ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) بلوچستان میں آب پاشی اور پانی کا نظام بہتر بنانے کے لیے صوبائی حکومت کو 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر دے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومتِ بلوچستان اور اے ڈی بی کے درمیان گزشتہ روز مذکورہ معاملے پر ایک معاہدہ طے پایا تھا۔

صوبائی دارالحکومت میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیاتی امور سجاد احمد بھٹہ اور اے ڈی بی کے ڈائریکٹر برائے پاکستان شیاؤہونگ ینگ نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس دوران وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزرا نوابزادہ طارق حسین مگسی اور ظہور احمد بلیدی بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: ‘آئی ایم ایف، عالمی اور ایشین بینک بھی امریکا کے ہتھیار ہیں‘

اس موقع پر اے ڈی بی کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ذراعت بلوچستان کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے ذریعے صوبے میں پانی کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کا نہ صرف نظام متعارف کروایا جائے گا بلکہ اس کی مدد سے پیداوار اور کسانوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ بلوچستان کی آبادی کا 2 تہائی حصہ ذراعت پر انحصار کرتا ہے جس میں صوبے کے 60 فیصد عوام شامل ہیں۔

تاہم صوبے میں خشک سالی کی صورتحال اور ناقص نہری نظام کی وجہ سے اس شعبے اور اس سے وابستہ لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں غربت کی شرح قومی سطح پر غربت کی شرح سے بھی دگنی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں