پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ مستونگ میں گر کر تباہ، پائلٹ شہید

اپ ڈیٹ 23 جنوری 2019
طیارہ معمول کی  تربیتی پرواز پر تھا—فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا—فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ شہید ہوگئے۔

پاک فضائیہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ طیارہ معمول کی تربیتی پروازپر تھا جس دوران حادثہ پیش آیا۔

پریس ریلیز کے مطابق ’ پاک فضائیہ انتہائی افسوس سے مطلع کررہی ہے کہ ایف-سیون پی جی(F-7PG) ، جو معمول کے تربیتی مشن پر محوِ پرواز تھا، مستونگ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: میانوالی: فضائیہ کا بغیر پائلٹ طیارہ گر کر تباہ

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ حادثے کی وجوہات کا علم ہونا تاحال باقی ہے اور حادثے کے پس پردہ محرکات جاننے کے لیے پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹر نے انکوائری بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔

اس سے قبل 26 جون کو پشاور ایئر بیس پر لینڈنگ کے دوران پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ ایف ٹی سیون پی جی (FT-7PG) گر کر تباہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ شہید ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ 4 سال قبل 24 نومبر 2015 کو طیارہ حادثے کا شکار ہوکر پاکستان کی پہلی خاتون پائلٹ آفیسر مریم مختار شہید ہوگئی تھیں جو ایف ٹی سیون پی جی (FT-7PG) طیارے کی معمول کی پرواز پر تھیں۔

قبل ازیں 2015 میں ہی 25 مئی کو پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کی پرواز کے دوران صوابی کے علاقے زیدہ میں تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار 2 پائلٹ معمولی زخمی ہوگئے تھے۔

ایک اور حادثے میں 24 ستمبر 2016 کو اسکواڈرن 17 کا (F-7PG) طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث جمرود کے علاقے سپرے غندی میں گر کر تباہ ہوا جس میں پائلٹ عمر شہزاد شدید زخمی ہوئے تھے، جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

اس کے علاوہ مئی2017 میں طیارہ حادثے کے 2 واقعات پیش آئے تھے جن میں پہلا واقعہ 2 مئی کو صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ میں پیش آیا جس میں معراج طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، لیکن اس حادثے میں پائلٹ محفوظ رہے۔

دوسرا واقعہ 25 مئی کو میانوالی کے قریب پیش آیا تھا اس میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ (F-7PG) گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس حادثے میں بھی خوش قسمتی کے ساتھ پائلٹ محفوظ رہے۔

بعدازاں اگست2017 میں بھی طیارہ گرنے کے 2 واقعات پیش آئے جن میں پہلا واقعہ 9 اگست کو میانوالی سبزہ زار کے قریب پیش آیا جہاں ایف سیون پی جی (F-7PG) طیارہ گر کر تباہ ہوا اور پائلٹ ذیشان شہید ہوئے تھے۔

اسی کے علاوہ 17 اگست کو سرگودھا کے قریب ایف سیون پی جی (F-7PG) طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا، تاہم اس پائلٹ محفوظ رہے تھے۔

ایک اور حادثہ 3 جون 2014 کو کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں بس ٹرمینل کے قریب پیش آیا تھا جس میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوا اور طیارے میں سوار تربیتی پائلٹ اور نگران پائلٹ دونوں شہید ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں