رومن رینز نےڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑنے کے بعد پہلی بار خاموشی توڑ دی

شائع January 27, 2019 اپ ڈیٹ January 27, 2019 09:17pm
رومن رینز — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
رومن رینز — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

رومن رینز کو خون کے سرطان کے باعث ڈبلیو ڈبلیو ای کو چھوڑے 3 ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے اور سابق چیمپئن اس عرصے کے دوران مکمل طور پر خاموش رہے۔

ان کی کچھ تصاویر اور ویڈیوز تو سامنے آئیں مگر انہوں نے خود اپنی بیماری اور علاج کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ان کی غیرحاضری ڈبلیو ڈبلیو ای پر کافی بھاری ثابت ہوئی جس کی ریٹنگ تاریخ کی بدترین سطح تک جاگری۔

مزید پڑھیں : کینسر کے شکار رومن رینز کی ریسلنگ میں واپسی کب تک ہوگی؟

گزشتہ دنوں رومن رینز کے کزن اور معروف ہولی وڈ اسٹار ڈیوائن جانسن المعروف دی راک نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا کہ رومن رینز فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز کی آف اسپن فلم سے ہولی وڈ ڈیبیو کررہے ہیں۔

اس اعلان کے بعد اب رومن رینز نے انسٹاگرام اکاﺅنٹ بنا کر اپنی صحت اور فلم کے بارے میں پہلی بار اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا ' میں اپنے خاندان، دوستوں اور میری نئی فاسٹ اینڈ فیوریس فیملی کی محبت اور سپورٹ کا شکریہ ادا نہیں کرسکتا، جو مجھے ہوبس اینڈ شا فلم کی شوٹنگ کے دوران ملی۔ جو وقت میں نے اپنے کزن کے ساتھ اس خوبصورت جزیرے میں گزارا، وہ حقیقی معنوں میں جادوئی تھا۔ میں ڈبلیو ڈبلیو ای، دی راک، یونیورسل پکچرز اور ہوبس اینڈ شا کے سیٹ میں ہر ایک کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے مجھے اس فرنچائز کا حصہ بننے کا موقع دیا۔ آپ کا سپورٹ ایسا مرہم ہے جو کہ مجھے رنگ میں جلد از جلد واپس لانے پر مجبور کرے گا، مگر اس وقت تک میں اس موسم گرما ریلیز ہونے والی اس فلم کے لیے پرجوش ہوں'۔

یہ دیکھنا کافی خوشگوار ہے کہ رومن رینز اب بھی انٹرٹینمنٹ کی دنیا کا حصہ ہیں اور یقیناً بہت جلد صحت یاب ہوکر ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپسی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ڈبلیو ڈبلیو ای کی مقبول ترین اسٹار ریسلنگ چھوڑنے کے لیے تیار؟

کارٹون

کارٹون : 1 اپریل 2026
کارٹون : 31 مارچ 2026