تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر ڈاکٹرز سراپا احتجاج، سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند

اپ ڈیٹ 28 جنوری 2019
سندھ کے ڈاکٹرز کی تنخواہیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ڈاکٹرز کے مساوی کرنے کا مطالبہ—فوٹو: ڈان نیوز
سندھ کے ڈاکٹرز کی تنخواہیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ڈاکٹرز کے مساوی کرنے کا مطالبہ—فوٹو: ڈان نیوز

کراچی: ڈاکٹرز نے تنخواہوں، الاؤنسز اور ہیلتھ انشورنس میں اضافہ نہ کرنے پر احتجاجاً صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں احتجاج کیا اور آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈیز) بند کردیں۔

ڈاکٹرز کے احتجاج اور او پی ڈیز کی بندش کے باعث ہسپتال آنے والے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کراچی سمیت صوبے بھر میں مریضوں کا رش لگ گیا۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹرز کے احتجاج کے دوران پولیس کا لاٹھی چارج

احتجاجی ڈاکٹرز نے کراچی کے بڑے سرکاری ہسپتالوں جناح، سول، لیاری سمیت تمام ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کی او پی ڈیز بھی بند رکھیں۔

تاہم سندھ کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال جناح ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ احتجاجی ڈاکٹرز نے کچھ وقت کے لیے او پی ڈیز بند رکھیں لیکن بعد میں انہیں کھول دیا گیا۔

دوسری جانب احتجاجی ڈاکٹرز کی بنائی گئی ڈاکٹرز ایکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ حکومت نے تنخواہوں، الاؤنسز، ہیلتھ انشورنس میں کوئی اضافہ نہیں کیا، حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دیا تھا لیکن مطالبات کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی نے کہا کہ تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز 3 دن تک بند رہیں گے اور اگر مطالبات منظور نہیں ہوئے تو ایمرجنسی سمیت دیگر وارڈز میں بھی ہڑتال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ صحت سندھ کی ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، محکمہ صحت کرپشن کا گڑ بن چکا ہے، رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: ہسپتال حالت زار ازخود نوٹس: ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال پر پابندی عائد

ایکشن کمیٹی نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے ڈاکٹروں کے مسائل حل کرنے کے لیے حکم دیا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود محکمہ صحت کی انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوئی، جس کے بعد ڈاکٹرز صوبے بھر کے ہسپتالوں میں کام چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔

ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج میں مطالبہ کیا گیا کہ سندھ کے ڈاکٹرز کی تنخواہیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ڈاکٹرز کے مساوی کی جائیں۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ڈاکٹرز کی جانب سے اس طرح کا احتجاج کیا گیا ہو، اس سے قبل بھی کئی مرتبہ ڈاکٹرز خاص طور پر ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور سہولیات کی کمی پر احتجاج کیا جاتا رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں