علیم خان کو جلد ڈرائی کلین کرکے بے گناہ بنا دیا جائے گا، پیپلز پارٹی

06 فروری 2019
علیم خان کو نیب کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا — فائل فوٹو
علیم خان کو نیب کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا — فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پنجاب کے سینئر وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علیم خان کی گرفتاری سے متعلق کہا ہے کہ انہیں اوپر کے احکامات پر جلد ڈرائی کلین کرکے بے گناہ بنا دیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے علیم خان کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'عمران نیازی نے چوروں اور ڈاکوؤں کی فوج تیار کررکھی ہے اور اپنی صفوں میں ایسے لوگوں کی موجودگی سے پی ٹی آئی کے دعوے اور نعرے کھوکھلے ثابت ہوچکے ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ 'جہانگیر ترین اور علیم خان پر جرم ثابت ہونے پر عوام سمجھ چکی ہے کہ ان چوروں کا سردار عمران نیازی ہے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'اطلاعات ہیں کہ نیب، علیم خان کو وی آئی پی پروٹوکول دے رہی ہے اور نیب کی حراست میں ان کو تمام سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں جو اس تشویش میں اضافہ کرتی ہے کہ علیم خان کو اوپر کے احکامات پر جلد ڈرائی کلین کر کے معصوم اور بے گناہ بنا دیا جائے گا۔'

مزید پڑھیں: میں نے اپنے تمام اثاثے ظاہر کردیے ہیں، علیم خان

سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ 'ابھی تو عمران نیازی کی بہن علیمہ خان نے بھی اپنے اثاثے ظاہر کرنے ہیں اور عوام ابھی تک کپتان کی سنائی روداد نہیں بھولے کہ کس طرح ماں کا علاج نہ ہونے کے بعد عمران نیازی نے اپنی ساری جمع پھونجی خرچ کر کے شوکت خانم ہسپتال قائم کیا، تاہم دبئی اور لندن میں جائیدادیں نکلنے کے بعد عوام کو عمران نیازی کی 'ایمانداری' صاف دکھائی دے رہی ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'پی ٹی آئی کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ نااہل اور سزا یافتہ لوگوں کو عمران نیازی پس پردہ سیاست کے لیے استعمال کرتے آئے ہیں اور ان سے علیحدگی اختیارکرنے کے بجائے انہیں پارٹی کی اہم ذمہ داریاں سپرد کر دی جاتی ہیں، جس سے عمران نیازی کی صاف و شفاف سیاست کا پرفریب نعرہ طش ازبام ہوجاتا ہے۔'

وقار مہدی نے کہا کہ 'عمران نیازی نے جس طرح تمام سیاسی جماعتوں کا گند اپنی صفوں میں جمع کر رکھا ہے، اگر حقیقی معنوں میں ان کا احتساب عمل میں لایا جائے تو ملک کی لوٹی دولت سے ملکی خزانے بھرے جا سکتے ہیں۔'

واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثوں اور آف شور کمپنی سے متعلق تحقیقات میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے طلب کرنے پر علیم خان آج ایک مرتبہ پھر نیب لاہور کے آفس میں پیش ہوئے تھے، جہاں انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائی کورٹ کی علیم خان کو نیب کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت

ذرائع نے بتایا تھا کہ نیب آفس میں پیشی کے موقع پر علیم خان سے مختلف سوالات کیے گئے جبکہ 2 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی تحقیقات میں وہ نیب حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد انہیں مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔

نیب ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ علیم خان کی گرفتاری سے متعلق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو بھی آگاہ کردیا گیا تھا، جس کے بعد کی باقاعدہ گرفتاری عمل میں آئی۔

تبصرے (0) بند ہیں