زکام سے چھٹکارا دلانے کے لیے موثر گھریلو ٹوٹکے

20 فروری 2019
زکام میں نظام تنفس متاثر ہوتا ہے — شٹر اسٹاک فوٹو
زکام میں نظام تنفس متاثر ہوتا ہے — شٹر اسٹاک فوٹو

عام طور پر نزلے کی بات کی جاتی ہے تو لوگ زکام کو بھی ساتھ میں شامل کرلیتے ہیں حالانکہ دونوں میں کافی فرق ہے۔

زکام میں نظام تنفس متاثر ہوتا ہے جس کے نتیجے میں ناک کے اندرونی حصے میں موجود جھلیاں ورم کا شکار ہوجاتی ہیں جس سے ناک کا بہاﺅ، سانس میں رکاوٹ اور کھانسی جیسی تکالیف کا سامنا ہوتا ہے۔

زکام کے نتیجے میں اکثر حرارت بھی محسوس ہوتی ہے جبکہ مریض کی چھینکوں سے یہ مرض دوسروں میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔

اور یہ بتانے کی ضرورت نہیں جب ناک سے سانس لینے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے تو کیسی تکلیف ہوتی ہے خصوصاً رات کو سوتے وقت۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ آپ کے گھر میں ایسی چیزیں موجود ہیں جو اس تکلیف سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

سیب کا سرکہ

سیب کا سرکہ پوٹاشیم اور ایسٹک ایسڈ سے بھرپور ہوتا ہے اور یہ دونوں زکام کو کم کرنے مین مدد دیتے ہیں، پوٹاشیم بلغم کو پتلا کرتا ہے جبکہ ایسٹیک ایسڈ جراثیموں کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔ اس سرکے کا ایک چائے کا چمچ ایک گلاس گرم پانی میں اچھی طرح ملا کر پی لیں۔ اس محلول کو دن میں ایک سے 2 بار پینا عادت بنائیں۔

پودینے کی چائے

پودینے میں مینتھول موجود ہوتا ہے جو جراثیم کش ہونے کی وجہ سے زکام سے ریلیف دلاتا ہے، ایک کپ پانی میں پودینے کے 8 سے 10 پتے ڈال کر اسے ابال لیں، پانچ سے 10 منٹ تک ابلنے دیں اور پھر چھان کر پی لیں۔

یوکلپٹس آئل

اس تیل کے 6 قطرے ایک باﺅل گرم پانی میں مکس کریں اور پھر اپنا سر اس پانی کے اوپر جھکا کر بھاپ لیں، اس عمل کے دوران اپنے سر کو تولیے سے لپیٹ لیں تاکہ بھاپ ضائع نہ ہو، یہ عمل دن میں ایک بار کریں۔ یوکلپٹس آئل ورم کش خصوصیات رکھتا ہے جو ناک کے راستے کے ورم اور سوجن کو کم کرتا ہے جبکہ کچرے کی صفائی کرتا ہے۔

ناریل کا تیل

یہ تیل بھی ورم کش خصوصیات رکھتا ہے اس کا ایک چائے کا چمچ تیل لیں اور اسے گرم کرلیں، اس گرم تیل سے اپنی ناک کی دونوں سائیڈ پر مالش کریں اور اسے جذب ہونے دیں۔

لہسن

لہسن کھانسی اور نزلے کے لیے کافی مقبول ٹوٹکے کی حیثیت رکھتا ہے جس کی وجہ اس کی جراثیم کش خصوصیات ہیں، اسے استعمال کرنے کے لیے ایک ساس پین میں ایک باﺅل پانی ڈالیں اور اس میں 3 سے 5 لہسن کی پوتھیاں پیس کرشامل کرکے ابالیں، پانچ منٹ تک ابلنے دیں اور اس کے بعد چولہے سے ہٹا کر بھاپ لیں، جس کے دوران سر پر تولیہ رکھنا مت بھولیں۔

ادرک

2 سے تین انچ کے ادرک کے ٹکڑے ایک باﺅل پانی میں ڈال دیں اور اسے ابال لیں، پانچ منٹ تک ابلنے دیں اور پھر اس محلول کو کچھ ٹھنڈا ہونے دیں۔ جب وہ اتنا ٹھنڈا ہوجائے کہ اسے جلد پر لگانا ممکن ہوجائے تو ایک صاف کپڑا اس میں بھگو دیں اور نکالنے کے بعد نچوڑ کر پورے چہرے پر پھیلا کر ایک سے 2 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ ادرک کی چائے پی کر آپ زکام سے نجات کی رفتار کو زیادہ تیز بھی کرسکتے ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں