پی ایس ایل فائنل کے آن لائن ٹکٹ چند منٹ میں فروخت

اپ ڈیٹ 20 فروری 2019
پاکستان سپر لیگ کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان سپر لیگ کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل کے ٹکٹ کی آن لائن فروخت شروع ہو گئی ہے جس میں سے 500 اور ڈھائی ہزار روپے مالیت کے تمام ٹکٹ محض چند منٹوں میں فروخت ہو گئے۔

17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے فائنل کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ہونے والے کوالیفائر اور ایلیمنیٹر میچوں کے ٹکٹوں گزشتہ رات آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔

مزید پڑھیں: پی سی بی نے ’پی ایس ایل‘ کے پروڈکشن حقوق نئی کمپنی کو دے دیئے

پی ایس ایل فائنل کے جنرل اور فرسٹ کلاس انکلوژر کے تمام آن لائن ٹکٹ 10 سے 15 منٹ میں فروخت ہوگئے جہاں جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ 500 جبکہ فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ 2000 روپے میں دستیاب تھے۔

پی ایس ایل فائنل کے لیے ٹکٹ کی قیمت 500 سے 8000 تک مقرر کی گئی ہے اور فائنل کے صرف 20 فیصد ٹکٹ آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔

فائنل میچ کے باقی 80 فیصد ٹکٹ 25 فروری سے نجی کوریئیر کمپنی کی مقرر کردہ آؤٹ لیٹ پر دستیاب ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: محمد حفیظ زخمی: لاہور قلندرز میں سلمان بٹ کی انٹری

پاکستان میں ہونے والے کوالیفائر اور ایلیمنٹر میچز کے ٹکٹوں کی قیمت 500 روپے سے 3 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے۔

پہلا ایلیمنیٹر میچ 12مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ کوالیفائر میچ 13مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا دوسرا ایلیمنیٹر میچ 15 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد ایونٹ کی 2 بہترین ٹیمیں 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹرافی کے حصول کے لیے نبرد آزما ہوں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں