'بھارت امن کی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے'

بھارتی طیارے سے گرنے والا ہتھیار—فوٹو: آئی ایس پی آر
بھارتی طیارے سے گرنے والا ہتھیار—فوٹو: آئی ایس پی آر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھارتی طیاروں کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہماری امن کی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھے۔

بھارتی فضائیہ کی دراندازی کے بعد اپوزیشن رہنما شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی خاکروبوں کے پاؤں دھونے سے بڑا اور عظیم کام جنوبی ایشیا کے بے گناہ انسانوں اور غریبوں کو جنگ میں نہ دھکیل کر کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی ایک طرف غریبوں کے پاؤں دھو رہے تو دوسری طرف بے گناہ نہتے کشمیریوں اور دیگر مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں، بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور جنوبی ایشیا کے امن کو اپنے ہاتھوں سے آگ میں نہ دھکیلے۔

مزید پڑھیں: بھارتی ایئر فورس کی دراندازی کی کوشش، پاک فضائیہ کا بروقت ردِ عمل

ساتھ ہی شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی امن پسندی اور تحمل مزاجی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی، پوری قوم بالخصوص پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ملک بھر میں مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج جذبہ شہادت، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال جرات و بہادری کا پیکر ہیں، ہمیں اپنے بیٹوں، مادر وطن کے جوانوں پر ناز ہے اور مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کی خاطر خون بہانے کے لیے میں محاذ جنگ پر جانے کے لیے تیار ہوں۔

قوم کا ہر فرد افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، زرداری

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان چاہتا ہے خطے میں امن برقرار رہے، بھارت ہماری پرامن پالیسی کو کمزوری نہ سمجھے، قوم کا ہر فرد افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، ہم بھرپور جواب دینے کی طاقت رکھتے ہیں، مودی انتخابات جیتنے کے لیے خطے کا امن خراب نہ کریں۔

شریک چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کے اندر بھی مودی کی پالیسی کے خلاف آوازیں گونج رہی ہیں، بھارت نے کوئی حرکت کی تو خمیازہ بھگتنے کے لیے تیار رہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جارحیت: کشمیریوں نے رات کو کیا دیکھا؟

خیال رہے کہ آج (26 فروری کو ) بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر کے علاقے میں دراندازی کی کوشش پر پاک فضائیہ نے بروقت ردعمل دیا تھا اور دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بتایا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفرآباد سیکٹر سے گھسنے کی کوشش کی جس پر پاک فضائیہ نے فوری اور بروقت کارروائی کی۔

پاک فضائیہ کے بروقت ردعمل کے باعث بھارتی طیارے نے عجلت میں فرار ہوتے ہوئے بالاکوٹ کے قریب اپنے اضافی ہتھیار پھینک کر فرار ہوگئے جبکہ بھارتی فضائیہ کی اس مذموم او ناکام کوشش کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں