آئی فون 11 گزشتہ سال سے کتنا مختلف ہوگا؟

15 مارچ 2019
آئی فون 11 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس
آئی فون 11 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس

ایسا لگتا ہے کہ اس بار بھی ایپل اپنے فلیگ شپ آئی فونز کے لیے 2 سال پہلے والے ڈیزائن کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرچکی ہے مگر ایک بڑی تبدیلی ضرور ان ڈیوائسز میں دیکھنے میں آئے گی۔

ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ آئی فون 11 (یا ایپل جو بھی اپنے فونز کو نام دے گی) میں 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ چوکور بمپ میں دیا جائے گا جو کہ ہواوے میٹ 20 سے ملتا جلتا ہوگا۔

اس سے قبل رواں سال کسی وقت متعارف کرائے جانے والے آئی فونز کے رینڈر سوشل میڈیا پر سامنے آئے تھے جس میں 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ دکھایا گیا تھا اور اس کے ایک ہفتے بعد وال اسٹریٹ جرنل نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ آئی فون پلس ماڈل میں پہلی بار یہ کمپنی 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ دے گی۔

ویسے تو یہ افواہیں گزشتہ سال کے آئی فونز کے لیے بھی سامنے آئی تھیں مگر اس بار یہ یقینی لگتا ہے کیونکہ سام سنگ نے اس فیچر کو اپنے کئی فونز کا حصہ بنادیا ہے۔

یہ سوچنا مشکل ہے کہ ایپل اس رجحان کا حصہ بننے کے لیے مزید ایک سال کا انتظار کرے گی۔

اسی طرح نئے آئی فونز ڈسپلے میں تھری ڈی ٹچ کو پہلے سے زیادہ بہتر بنایا جائے گا اور یہ پانی کے اندر بھی کام کرے گا۔

کیمرے سے ہٹ کر اب تک نئے آئی فونز کے بارے میں جو لیکس سامنے آئی ہیں ان کے مطابق یہ آئی فون ایکس ایس، ایکس ایس میکس اور ایکس آر کے سائنز کے ہی ہوں گے یعنی 6.5 انچ، 6.1 انچ اور 5.8 انچ ڈسپلے سے لیس۔

ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ ان نئے آئی فونز کے لیے کیسز اور دیگر ایسیسریز کی تیاری بھی ہورہی ہے اور کیسز میں پہلے سے زیادہ بڑے ہول دیئے جارہے ہیں جس کی وجہ پہلی بار 3 بیک کیمروں کے سیٹ اپ کی موجودگی ہے۔

ان فونز میں ایپل کا نیا آئی او ایس 13 آپریٹنگ سسٹم دیا جائے گا جبکہ ممکنہ طور پر نوچ ڈیزائن اس بار بھی برقرار رہے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں