مقبوضہ کشمیر: بھارتی سیکیورٹی اہلکار نے اپنے ہی 3 ساتھیوں کو قتل کردیا

اپ ڈیٹ 21 مارچ 2019
واقعہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع ادھم پور میں پیش آیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
واقعہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع ادھم پور میں پیش آیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار نے اپنے ہی 3 ساتھیوں کو گولی مار کر قتل کردیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع ادھم پور میں موجود کیمپ میں پیش آیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ’سی آر پی ایف کےے 3 اہکار اس وقت مارے گئے جب ان کے ساتھی نے غصے میں فائرنگ کردی۔

مزید پڑھیں: کشمیر میں ریموٹ کنٹرول دھماکا، 44 بھارتی فوجی ہلاک

ایس ایچ او وجے سنگھ چوہدری کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل اجیت سنگھ نے ادھم پور کے علاقے بٹل میں سی آر پی ایف کے کیمپ میں 3 افراد کو قتل کیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ’یہ واقعہ اہلکار اور اس کے ساتھیوں کے درمیان کسی معاملے پر ہونے والی تلخ کلامی کے بعد رونما ہوا‘۔

مقبوضہ کشمیر کے آئی جی پی ایم کے سنہا کا کہنا تھا کہ ’اہلکار نے خود پر بھی فائر کیا لیکن وہ بچ گیا اور اسے ادھم پور کے فوجی ہسپتال میں تشویش ناک حالت میں منتقل کردیا گیا‘۔

ادھر ریڈیو پاکستان کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فائرنگ سے مرنے والے 3 سی آر پی ایف کے اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل پوکرمال، یوگیندرا شرما اور امید سنگھ کے نام سے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کے کیمپ پر حملہ، 3 ہلاک

دوسری جانب بھارتی فوج نے باندی پورہ اور بارہ مولہ اضلاع کا بڑے پیمانے پر محاصرہ کیا اور سرچ آپریشن کیا۔

قابض بھارتی فوج نے علاقے ک محاصرے کے دوران گھر گھر تلاشی لی اور داخلی و خارجی راستوں کو بھی سیل کردیا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی اہلکاروں کے درمیان جھگڑے اور قتل کا یہ واقعہ نیا نہیں، اس سے قبل بھی اس طرح کے کئی واقعات ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی ریزرو پولیس فورس کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا، جس میں 44 بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں