سانحہ ماڈل ٹاؤن: لاہور ہائیکورٹ نے نئی 'جے آئی ٹی' کو کام سے روک دیا

اپ ڈیٹ 23 مارچ 2019
عدالت نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا  — فائل فوٹو
عدالت نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا — فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ کے فُل بینچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے خلاف درخواستیں قابل سماعت قرار دیتے ہوئے ٹیم کو کام کرنے سے روک دیا۔

جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جے آئی ٹی کے خلاف انسپکٹر رضوان گوندل سمیت دو درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا اور نئی ' جے آئی ٹی' کو کام کرنے سے روک دیا۔

ہائی کورٹ کے تین رکنی فل بینچ نے جے آئی ٹی کے خلاف درخواستیں قابل سماعت قرار دیتے ہوئے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔

فیصلہ سنانے کے وقت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت تمام لا افسران کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

فیصلے سے قبل بینچ اور ایڈووکیٹ جنرل میں تلخی کا ماحول دیکھنے میں آیا۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ ماڈل ٹاؤن:نئی جے آئی ٹی نے شہباز شریف، چوہدری نثار کو طلب کرلیا

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کی تاریخ میں پہلی بار حکومت کو سنے بغیر فیصلہ سنایا گیا۔

اس موقع پر جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے کہا کہ آپ ہمیں دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہم دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

بینچ کے سربراہ جسٹس محمد قاسم خان نے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وقت پر کیس کی سماعت کی، لا افسر کمرہ عدالت میں موجود تھا جبکہ آپ کے پاس حکم واپس لینے کے لیے درخواست دینے کا فورم موجود ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 دسمبر کو پنجاب حکومت نے ماڈل ٹاؤن کیس میں ازسرِنو تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد سپریم کورٹ میں اس سے متعلق درخواست نمٹا دی گئی تھی۔

پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں آئی جی موٹروے اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں نئی جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔

کمیٹی کے دیگر اراکین میں آئی ایس آئی کے نمائندے لیفٹیننٹ کرنل محمد عتیق الزمان، ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے لیفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) محمد احمد کمال اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پولیس گلگت بلتستان قمر رضا شامل ہیں۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف سے تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا اور احتساب عدالت کی اجازت کے بعد دو روز قبل لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ان سے دو گھنٹے تفتیش کی تھی۔

ماڈل ٹاؤن واقعے پر بنائی گئی جے آئی ٹی نے چند روز قبل سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا بھی بیان ریکارڈ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’کیا ماڈل ٹاؤن سانحے میں دوسری جے آئی ٹی بنائی جاسکتی ہے؟‘

سانحہ ماڈل ٹاؤن

یاد رہے کہ 17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون میں تحریک منہاج القران کے مرکزی سیکریٹریٹ اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے سامنے قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا تھا۔

آپریشن کے دوران پی اے ٹی کے کارکنوں کی مزاحمت کے دوران ان کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 90 کے قریب زخمی بھی ہوئے تھے۔

درخواست گزار بسمہ امجد نے اپنی والدہ کے قتل کے خلاف سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل میں درخواست دائر کی تھی اور واقعے کی تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی بنانے کی استدعا کی تھی۔

عدالت عظمیٰ کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی لارجر بینچ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل پر مشتمل تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ 2014 میں ہونے والے ماڈل ٹاؤن سانحے کی تحقیقات کے لیے قائم کمیشن نے انکوائری رپورٹ مکمل کرکے پنجاب حکومت کے حوالے کردی تھی، جسے منظرعام پر نہیں لایا گیا۔

تاہم بعد ازاں عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد حکومت جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو منظر عام پر لے آئی۔

تبصرے (0) بند ہیں