پاکستان میں کرپشن کی بنیاد شریف خاندان نے رکھی، وزیر اطلاعات

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2019
گزشتہ 10 برس میں پاکستان کا قرض 60 ارب ڈالر بڑھ گیا —فائل فوٹو: ڈان نیوز
گزشتہ 10 برس میں پاکستان کا قرض 60 ارب ڈالر بڑھ گیا —فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف خاندان نے کالے دھن کو سفید کرنے کے لیے معاشی اصلاحات کے نام پر 1992 میں اکنامک ریفارم ایکٹ متعارف کرایا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایکٹ میں سرمائے کے ذرائع خفیہ رکھنے کی شق شامل کی گئی اور اس طرح پاکستان میں کرپشن کی بنیاد شریف فیملی نے رکھی۔

نیوز کانفرنس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر اور وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر بھی شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ چیلنج کردیا

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا طریقہ کار متعارف کروایا‘۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ’ایکٹ کے متعارف کرانے کے بعد اتھارٹی نے مشکوک اکاؤنٹس سے رقوم کی بڑے پیمانے پر ترسیل نوٹ کی جس کے پیچے حدیبیہ پیپرز ملز تھی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’حدیبیہ پیپرز ملز کے ذریعے 81 کروڑ روپے کی کرپشن کی گئی‘۔

فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ ’9 کروڑ روپےمالیت کی حدیبیہ ملز کے اکاؤنٹ میں اچانک 81کروڑ روپےکیسے آئے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اتنی بڑی رقم کی ترسیل کے نتیجے میں ایک تحقیقات کا آغاز ہوا جس کے نتائج سے معلوم ہوا کہ حدیبیہ پیپرز ملز کے مالک نوازشریف ہیں اور ان کی والدہ شمیم اختر کمپنی کی ڈائریکٹر تھیں، میاں عباس شریف، مریم صفدر، صبیحہ عباس، حسین نواز، حمزہ شہباز شریف اور مریم نواز شریف کمپنی کے ڈائریکٹرز تھے۔

مزیدپڑھیں: نواز شریف کی شہباز شریف سے ملاقات، سیاسی منظر نامے پر تبادلہ خیال

انہوں نے الزام لگایا کہ ’ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ میں بھی ایسا ہی ہوا جیسا حدیبیہ پیپرز میں ہوا اور حسین نواز نے مجموعی طورپر ایک ارب 16 کروڑ 56 لاکھ روپے بذریعہ ٹی ٹی نواز شریف کو ارسال کیے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف نے 82 کروڑ روپے مریم نواز کو دیئے جس سے انہوں نے زرعی زمین خریدی‘۔

’آصف علی زرداری نے کرپشن کو جدت بخشی‘

وزیراطلاعات نے پریس کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری پر الزام لگایا کہ انہوں نے کرپشن کے طریقہ کار کو جدت بخشی۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے بینک خرید کر جعلی اکاؤنٹس بنائے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 5 ہزار سے زائد مشکوک اکاؤنٹس کی تحقیقات کیں۔

مزیدپڑھیں: نواز شریف کا جیل میں ٹرائل قانون و آئین سے متصادم ہے، شہباز شریف

ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے 34 اکاؤنٹس کی نشاندہی کی جن کے ذریعے اربوں روپے کا لین دین کیا گیا۔

گزشتہ 10 برس میں پاکستان کا قرض 60 ارب ڈالر بڑھ گیا جبکہ 1947 سے 2008 تک ملک کا کل قرض 37 ارب ڈالر تھا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ’زرداری کے بچوں اور بلاول ہاؤس کے اخراجات بھی جعلی اکاؤنٹس سے پورے کئے گئے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’سرمائے کی منتقلی کے 200 سوئفٹ پیغامات جاری کئے گئے‘۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’کریشن کے خلاف جنگ لڑنے کی ذمہ داری صرف وزیراعظم عمران خان کی نہیں ہے بلکہ تمام ریاستی اداروں سمیت محب وطن پاکستانیوں کی بھی ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں