ایف بی آر کو حکومتی ایمنسٹی اسکیم مزیدآسان بنانے کی ہدایت

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2019
وزیر اعظم کے مشیر خزانہ کے مطابق اسکیم کو سمجھنے کے لیے آسان ہونا چاہیے — فائل فوٹو/اے پی
وزیر اعظم کے مشیر خزانہ کے مطابق اسکیم کو سمجھنے کے لیے آسان ہونا چاہیے — فائل فوٹو/اے پی

وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کو اثاثہ جات کو ظاہر کرنے کے حوالے ایمنسٹی اسکیم 2019 میں تبدیلیاں لاتے ہوئے اسے مزید پرکشش بنانے کی ہدایت کردی۔

وزارت خزانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عبدالحفیظ شیخ نے یہ ہدایات اسلام آباد میں اسکیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کے لیے طلب اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

مزید پڑھیں: اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں پر منی لانڈرنگ کا کیس بنتا ہے،چیف جسٹس

اجلاس کے شرکا نے اسکیم کو آسان اور قابل استعمال بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور تجویز دی کہ ’چونکہ اس اسکیم کا مقصد معیشت کو بہتر کرنا ہے تو اسے اس طرح کی شکل دینا چاہیے کہ اس سے اس کا مقصد ظاہر ہو‘۔

اس موقع پر عبدالحفیظ شیخ نے 'ایف بی آر کو کامیاب رابطے کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی جس کے ذریعے عوام اس اسکیم کو با آسانی سمجھ سکیں'۔

یہ بھی پڑھیں: روپے کی قدر میں کمی سے متعلق حکومتی فیصلہ کتنا ٹھیک؟ کتنا غلط؟

پریس ریلیز میں نشاندہی کی گئی کہ ’وفاقی کابینہ نے بھی ایف بی آر کو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین سے مشاورت کرتے ہوئے اس اسکیم کے زیادہ سے زیادہ فعال بنانے اور اس کی پیچیدگیوں کو دور کرنے کی ہدایت کی تھی‘۔

اس اجلاس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس، ٹیکسٹائل، صنعت اور پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، وزیر مملکت برائے ریوینیو محمد حماد اظہر، چیئرمین ایف بی آر کے علاوہ کاروبار اور بینکنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر ماہرین نے شرکت کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں