بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری شہید

25 اپريل 2019
رپورٹ کے مطابق شہید کیے جانے والے نوجوانوں میں ایک فیزیوتھرپسٹ بھی شامل ہیں — فائل فوٹو/ اے پی
رپورٹ کے مطابق شہید کیے جانے والے نوجوانوں میں ایک فیزیوتھرپسٹ بھی شامل ہیں — فائل فوٹو/ اے پی

سری نگر: بھارتی فورسز نے کشمیر کے مقبوضہ علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے ایک ڈاکٹر سمیت 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے حالیہ ریاستی دہشت گردی ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبیہرا میں سامنے آئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہید کیے جانے والوں میں فیزیوتھرپسٹ بھی شامل ہیں۔

واقعے کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہید ہونے والوں کی شناخت ڈاکٹر بہادر الدین غنی اور صفدر امین کے ناموں سے ہوئی۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: سرچ آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیری شہید

پولیس افسر نے دعویٰ کیا کہ بھارتی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے کشمیری نوجوان مبینہ طور پر عسکریت پسند تھے اور انہیں مقابلے میں ہلاک کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن کیا گیا تھا جو تا حال جاری ہے۔

علاوہ ازیں بھارت نواز انتظامیہ نے مذکورہ علاقے میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔

دوسری جانب بھارتی نشریاتی ادارے انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو عسکریت پسند قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی درندگی سے اگست میں 34 افراد جاں بحق

حکام کے حوالے سے رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ مقام سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

حکام نے دعویٰ کیا کہ عسکریت پسندوں نے سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا تھا اور مقابلے میں انہیں ہلاک کردیا گیا۔

خیال رہے کہ 1989 سے متعدد مسلح گروپ بھارتی فوج اور ہمالیہ کے علاقوں میں تعینات پولیس سے لڑتے آئے ہیں اور وہ پاکستان سے انضمام یا کشمیر کی آزادی چاہتے ہیں۔

اس لڑائی کے دوران اب تک ہزاروں لوگ مارے جاچکے ہیں، جس میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

کشمیر میں جاری اس تشدد میں گزشتہ دہائی میں تیزی سے کمی آئی تھی لیکن بھارتی فوج کے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن آل آؤٹ کے نتیجے میں 350 اموات ہوئیں اور وادی میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا۔

تبصرے (0) بند ہیں