’ گنگا کی صفائی‘ کا وعدہ پورا نہ کرنے پر مودی سے معافی مانگنے کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2019
ماں گنگا کے خود ساختہ بیٹے  نے انہیں دھوکا دیا، کانگریس — فوٹو: رائٹرز
ماں گنگا کے خود ساختہ بیٹے نے انہیں دھوکا دیا، کانگریس — فوٹو: رائٹرز

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے نریندر مودی سے اترپردیش کے ضلع وارانسی کے عوام کو دھوکا دینے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کانگریس جماعت کی راگینی نایک نے کہا کہ ’ مناظر نتائج سے زیادہ اہم ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ روڈ شو کو مودی جی کی جانب سے وارانسی (بنارس) کے عوام کی خدمت کے حل کے طور پر دیکھا جارہا ہے، انہوں نے گنگا کو صاف کرنے کا وعدہ کیا تھا وہ اسے پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوئے‘۔

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ ’ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ لوگوں کی چیخیں روڈ شو کے شور میں دب جائیں ‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ ماں گنگا نے بلایا ہے صرف ایک جملہ تھا اور ماں گنگا کے خود ساختہ بیٹے نے انہیں دھوکا دیا، نہ گنگاصاف ہوئی اور نہ ہی کاشی، کیوٹو ( جاپان کا شہر ) میں تبدیل ہوا‘۔

راگینی نایک نے کہا کہ اسی لیے وارانسی کے عوام انہیں جمہوری طریقے سے مسترد کریں گے۔

مزید پڑھیں: اترپردیش: نریندر مودی کا 2 روزہ دورہ، میگا روڈ شو کا انعقاد

کانگریس کی ترجمان نے کہا تھا کہ ’ روڈ شو کے بعد مودی کو معافی مانگنی چاہیے، وہ ’ گنگا آرتی ‘ کریں گے لیکن انہیں معافی بھی مانگنی چاہیے کہ ایک بیٹا اپنی ماں کی خدمت کرنے میں ناکام ہوگیا ‘۔

راگینی نایک نے الزام عائد کیا کہ گنگا صاف کرنے کا وعدہ ’ مہا جملہ‘ ثابت ہوا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل گرین ٹریبونل کے مطابق گنگا کے ایک قطرے کو بھی صاف نہیں کیا گیا۔

کانگریس کی ترجمان نے کہا کہ ’ وشواناتھ کوریڈور ‘ کے نام پر کئی گھر گرائے گئے تھے، بُنائی اور دستکاری کی صنعت کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

انہوں نے وارانسی میں کسانوں کے حالات پر بھی بھارتی وزیراعظم پر تنقید کی۔

خیال رہے کہ نریندر مودی گزشتہ روز اترپردیش کے ضلع وارانسی کے 2 روزہ دورے پر پہنچے تھے جہاں ان کی آمد پر میگا روڈ شو کا انعقاد کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں انتخابات کا تیسرا مرحلہ مکمل

مودی کی سربراہی میں منعقد کیے گئے روڈ شو میں عوام کی ایک بڑی تعداد شریک تھی، بھارتی وزیراعظم نے انتخابات کے لیے وارانسی کی نشست سے کاغذات نامزدگی بھی جمع کروادیے ہیں۔

دوسری جانب کانگریس نے وارانسی کی نشست پر مودی کے مقابلے پر اجے رائے کو نامزد کیا ہے ، جس کے بعد وارانسی کی نشست پر مودی اور پریانکا گاندھی کے درمیان مقابلے کے شکوک و شبہات بھی دم توڑ گئے۔

یاد رہے کہ بھارت میں 17 ویں لوک سبھا کے لیے انتخابات 7 مراحل میں 11 اپریل سے جاری ہیں جو 6 ہفتوں میں 19 مئی تک مکمل ہوں گے۔

بھارت میں انتخابات کے 3 مراحل مکمل ہوچکے ہیں اور چوتھے مرحلےکے لیے پولنگ کا انعقاد 29 اپریل کو ہوگا۔

انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا آغاز 23 مئی کو ہوگا اور اسی دن نتائج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں