کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے لیے پاکستانی ٹیم کی کٹ متعارف

اپ ڈیٹ 12 جون 2019
پاکستان ٹیم کی نئی کٹ کو 2011 کے ورلڈکپ کی کٹ کا رنگ ہی دیا گیا ہے۔ — فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر اکاؤنٹ
پاکستان ٹیم کی نئی کٹ کو 2011 کے ورلڈکپ کی کٹ کا رنگ ہی دیا گیا ہے۔ — فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر اکاؤنٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ متعارف کروادی۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل ہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر قومی کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کے حوالے سے خبریں گردش کررہی تھیں۔

تاہم آج پی سی بی کی جانب سے باقاعدہ طور پر قومی کرکٹ ٹیم کی جرسی کی رونمائی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کردی گئی۔

اپنے پیغامات میں پہلے پی سی بی کی جانب سے کٹ کی تصاویر شائع کی گئیں جبکہ اس کے بعد ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی۔

ویڈیو میں پی سی بی کی جانب سے کہا گیا کہ ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے نئی جرسی دیکھنے کے بعد جن تاثرات کا اظہار کیا انہیں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، آل راؤنڈر محمد حفیظ، بابر اعظم، حارث سہیل، فخرزمان، امام الحق، شاہین آفریدی اور عماد وسیم نے نئی جرسی کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔

جرسی کے رنگ کی بات کی جائے تو اس میں 2011 کے ایونٹ میں استعمال کی گئی کٹ جیسا رنگ ہی رکھا گیا ہے۔

نئی کٹ میں گہرے سبز رنگ کو استعمال کیا گیا ہے جس میں گہرے سے ہلکے سبز رنگ تک کی پٹیاں سامنے اور پیچھے کی طرف موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان جیسی کٹ پر مداحوں کا احتجاج، بنگلہ دیشی ٹیم جرسی بدلنے پر مجبور

پاکستان کا نام سامنے کی جانب آویزاں ہے جبکہ پشت پر کھلاڑیوں کے ناموں سے تھوڑا اوپر کی جانب قومی پرچم بھی دکھائی دے رہا ہے۔

اس کے علاوہ جرسی کے دونوں بازوؤں پر ٹیم کے اسپانسرز کے لوگو بھی موجود ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے علاوہ بھی ورلڈکپ میں شامل کچھ ٹیموں کی کٹ کی رونمائی کردی گئی ہے جن میں سری لنکا کی کٹ سب سے نمایاں ہے۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ نے ساحل سمندر پر پڑی ہوئی استعمال شدہ پلاسٹک کی بوتلوں کو ری سائیکل کرتے ہوئے کرکٹ ورلڈکپ کے لیے ٹیم کی جرسی تیار کرکے دنیا کو حیران کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا حیران کن کارنامہ، پلاسٹک کی بوتلوں سے کٹ تیار

کرکٹ کا 12واں عالمی میلہ رواں ماہ 30 مئی سے انگلینڈ میں کھیلا جارہا ہے جس میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے ایک ایک میچز کھیلیں گی اور یوں ایک ٹیم کم از کم 9 میچز کھیلے گی۔

پاکستان ٹیم ورلڈکپ میں اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ناٹنگھم کے مقام پر 2 مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں