ورلڈ کپ کے لیے 500 رنز کا اسکور کارڈ تیار

اپ ڈیٹ 12 جون 2019
ورلڈ کپ کے دوران حکام کو 500رنز کا مجموعہ
ورلڈ کپ کے دوران حکام کو 500رنز کا مجموعہ

لندن: ورلڈ کپ 2019 کے دوران ہائی اسکورنگ میچز ہونے کا امکان ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کے لیے پہلی مرتبہ 500 رنز والا اسکور کارڈ تیار کر لیا گیا۔

انگلینڈ میں شیڈول عالمی کپ کے باقاعدہ آغاز میں اب صرف ایک ہفتے کا وقت باقی رہ گیا ہے اور کل سے ایونٹ کے وارم اپ میچز کا بھی آغاز ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی ٹیم متوازن ہے، اب خراب کارکردگی کا کوئی جواز نہیں، آفریدی

حال ہی میں پاکستان اور انگلینڈ کے دوران ہونے والی حالیہ سیریز کے دوران تمام میچز ہائی اسکورنگ ثابت ہوئے جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ورلڈکپ کے دوران بھی ایسی ہی وکٹیں تیار کی جائیں گی اور اکثر میچوں میں بڑا مجموعہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ورلڈ کپ 2019 کے دوران ہائی اسکورنگ میچز ہونے کے امکان کے پیش نظر پہلی مرتبہ 500 رنز والا اسکور کارڈ تیار کر لیا گیا۔ اس سے قبل جب بھی آفیشل میچز کے لیے اسکور کارڈ تیار کیا جاتا تھا تو اسکور کارڈ میں زیادہ سے زیادہ 400 رنز کی حد شامل ہوتی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے ون ڈے کرکٹ کا سب سے بڑا مجموعہ اسکور کرتے ہوئے 481رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا تھا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 30مئی سے 14جولائی تک انگلینڈ میں منعقد ہوگا اور ایونٹ کا پہلا میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حسن علی ورلڈکپ میں چیمپیئنز ٹرافی جیسی کارکردگی دہرانے کیلئے پرعزم

پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31مئی کو کھیلے گی جبکہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 16جون کو مانچسٹر میں نبرد آزما ہوں گی۔

ورلڈ کپ میں اپنے افتتاحی میچ سے قبل قومی ٹیم افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچز بھی کھیلے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں