’موبائل فونز رمضان میں مذہبی مواد تک رسائی میں مددگار‘

31 مئ 2019
دوستوں سے رابطے اور حالات سے باخبر رہنے میں بھی موبائل فونز مددگار ہوتے ہیں، پاکستانیوں کی رائے
دوستوں سے رابطے اور حالات سے باخبر رہنے میں بھی موبائل فونز مددگار ہوتے ہیں، پاکستانیوں کی رائے

عام طور پر موبائلز، کمپیوٹر و دیگر ڈیجیٹل آلات کو وقت کا ضیاں قرار دیا جاتا ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ ایسے آلات پر لوگ بامقصد کام کرنے کے بجائے فالتو وقت گزارتے ہیں۔

تاہم دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک کی جانب سے پاکستان سمیت دنیا کے دیگر چند ممالک میں کیے جانے والے آن لائن سروے کے مطابق موبائل فونز لوگوں کی مدد کا باعث ہیں۔

فیس بک کی جانب سے پاکستان، انڈونیشیا، مصر، ترکی، امریکا، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، فرانس اور نائیجیریا میں کیے جانے والے آن لائن سروے سے پتہ چلا کہ پاکستان کے 57 فیصد لوگوں کو موبائل فونز رمضان میں مذہبی مواد تلاش کرنے اور مذہبی طریقوں پرعمل کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

فیس بک کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق آن لائن رواں برس اپریل میں منعقد کیا گیا اور لوگوں سے رمضان المبارک کے دوران سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے مختلف سوالات کیے گئے۔

ساتھ ہی لوگوں سے موبائل فونز کے استعمال اور آن لائن شاپنگ کے حوالے سے بھی سوالات کیے گئے۔

—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

سروے کے دوران جہاں 90 فیصد پاکستانیوں نے رمضان المبارک کو دیگر مہینوں کے مقابلے زیادہ اہم قرار دیا، وہیں 94 فیصد پاکستانیوں کی رائے تھی کہ بطور والد وہ اس مہینے کے دوران بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے سمیت ان پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔

سروے میں شامل 57 فیصد پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران موبائل فونز انہیں مذہبی مواد تک رسائی اور مذہبی طریقوں کی تربیت لینے اور ان پر عمل کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

سروے میں شامل 85 فیصد پاکستانیوں نے تسلیم کیا کہ وہ رمضان المبارک میں بھی فیس بک کو استعمال کرتے ہیں اور اس پر مذہبی مواد تلاش کرنے سمیت اپنے دوستوں اور رشتہ داروں سے رابطے میں رہتے ہیں۔

—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

اسی طرح 53 فیصد پاکستانیوں نے روابط کے لیے واٹس ایپ کو پسندیدہ ایپ قرار دیا جب کہ 36 فیصد نے میسینجر اور 26 فیصد نے انسٹاگرام کو پسندیدہ سوشل ایپ قرار دیا۔

سروے کے دوران 68 فیصد پاکستانیوں نے تسلیم کیاکہ رمضان المبارک میں اپنے آس پاس میں ہونے والے مسائل اور حالات سے باخبر رہنے کے لیے ان کا انحصار موبائل فونز پر ہی ہوتا ہے۔

اسی طرح 72 فیصد پاکستانیوں کے مطابق وہ موبائل فونز کے باعث اپنے دوستوں اور اہل خانہ سے روابط میں رہنے سمیت ان کے قریب رہتے ہیں۔

—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں