طلاق کے بعد ارب پتی بننے والی خاتون نے نصف دولت عطیہ کردی

جیف اور میکنزی کے درمیان اپریل میں طلاق ہوگئی تھی—فوٹو: سی این این
جیف اور میکنزی کے درمیان اپریل میں طلاق ہوگئی تھی—فوٹو: سی این این

دنیا کے امیر ترین شخص اور آن لائن کاروباری کمپنی ایمازون کے بانی جیف بزوز اور ان کی اہلیہ میکنزی کے درمیان رواں برس اپریل میں طلاق ہوگئی تھی۔

دنیا کے امیر ترین شخص سے طلاق کے بدلے میکنزی کو کم سے کم ساڑھے 35 ارب ڈالر کی رقم ملی تھی اور وہ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون بن گئی تھیں۔

دونوں کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد طلاق کے معاملات طے پائے تھے، اس سے قبل دونوں نے جنوری 2019 میں ایک دوسرے سے الگ ہونے کا اعلان کیا تھا۔

دونوں کے درمیان تین ماہ تک مذاکرات ہونے کے بعد اپریل میں معاملات طے پائے تھے اور میکنزی کو طلاق کے بدلے ان کے سابق شوہر نے ایمازون کے محض 25 فیصد شیئر دیے تھے۔

یہ شیئر میکنزی کی رضامندی سے ہی انہیں دیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے امیر ترین جوڑے کی طلاق؟

کئی عالمی تجزیہ نگاروں کا خیال تھا کہ میکنزی طلاق کے بدلے جیف بزوز سے نصف دولت چھین لیں گی، تاہم ایسا نہیں ہوا اور انہوں نے اندازوں سے کہیں کم دولت لے کر سب کو حیران کردیا۔

تاہم اب انہوں نے ایک اور کارنامہ سر انجام دے کر اپنے شوہر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص سے طلاق لینے کے بعد ارب پتی خاتون بننے کے بعد میکنزی نے اپنی نصف رقم عطیہ کردی۔

میکنزی بزوز نے اپنی مجموعی دولت میں سے نصف دولت یعنی 17 ارب ڈالر کی خطیر رقم عالمی فلاحی ادارے ’دی گونگ پلیج‘ کے نام کردی۔

اتنی خطیر رقم عطیہ کرنے کے بعد میکنزی سب سے زیادہ رقم عطیہ کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

اسی ادارے کو میکنزی سمیت درجنوں امیر ترین اور ارب پتی خواتین نے رقم عطیہ کی ہے، تاہم میکنزی نے سب سے زیادہ رقم عطیہ کرکے نیا اعزاز حاصل کرلیا۔

یہ ادارہ دنیا کے سابق امیر ترین شخص بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس نے 2010 میں تعمیر کیا تھا، ادارے کا مقصد دنیا بھر میں مختلف منصوبوں کے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

اس ادارے کو 2010 سے اب تک 204 ارب پتی افراد اربوں روپے کی رقم عطیہ کر چکے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ادارے کو جیف بزوز نے رقم عطیہ نہیں کی اور ان سے طلاق کے بعد ان کی سابق اہلیہ نے اپنی نصف رقم ادارے کو عطیہ کردی۔

سابق اہلیہ کی جانب سے فلاحی ادارے کو نصف دولت عطیہ کرنے کے فیصلے پر جیف بزوز نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: دنیا کے امیر ترین جوڑے میں طلاق ہوگئی

54 سالہ جیف بیزوز اور 48 سالہ میکنزی کی ملاقات نیویارک کی ایک کمپنی میں کام کرتے ہوئے ہوئی تھی اور دونوں نے1993 میں شادی کی، دونوں کے 4 بچے بھی ہیں۔

جیف بیزوز بنیادی طور پر متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے فرد ہیں جنھوں نے عملی زندگی کا آغاز بھی ایک معمولی ملازمت سے کیا تھا، مگر بہت جلد ترقی کی اور پھر اپنے آن لائن کاروبار کی بنیاد رکھی۔

1994 میں قائم کی جانے والی کمپنی آمیزون اس وقت امریکا سمیت متعدد ممالک میں آن لائن ریٹیل خریداری میں آگے ہے تاہم اسے اصل میں انٹرنیٹ بک اسٹور کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔

جیف بزوز 2017 میں پہلی بار دنیا کے امیر ترین انسان بنے تھے اور اہلیہ کو طلاق دینے کے بعد اور 25 فیصد دولت چھن جانے کے باوجود وہ اب تک دنیا کے امیر ترین انسان ہیں۔

جیف بزوز کے اثاثوں کی ملکیت 115 ارب ڈالر سے زائد ہے اور بل گیٹس کے اثاثوں کی ملکیت 105 ارب سے زائد ہے۔

میکنزی طلاق کے بعد ملنے والی رقم کے بعد دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون بن گئی تھیں—فوٹو: رائٹرز
میکنزی طلاق کے بعد ملنے والی رقم کے بعد دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون بن گئی تھیں—فوٹو: رائٹرز

تبصرے (0) بند ہیں