ورلڈکپ: جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے باعث منسوخ

10 جون 2019
جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں بارش کے سبب امپائرز گراؤنڈ کا معائہن کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں بارش کے سبب امپائرز گراؤنڈ کا معائہن کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں ایک اور میچ بارش کی نذر ہو گیا اور ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کیا آسٹریلین باؤلر نے بال ٹیمپرنگ کی؟ ویڈیو پر تنازع کھڑا ہوگیا

اننگز کے آغاز میں ہی 11 کے مجموعے پر جنوبی افریقہ کے اہم بلے باز ہاشم آملا 6 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ابھی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ شیلڈن کوٹریل نے ایک اور وکٹ حاصل کرتے ہوئے پانچ رنز بنانے والے ایڈن مرکرم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

میچ کے آٹھویں اوور کی تیسری گیند کے بعد بارش کے سبب میچ کو روک دیا گیا اور دونوں ٹیموں نے پویلین کی راہ لی۔

یہ بھی پڑھیں: کوہلی نے ورلڈ کپ میں اسپورٹس مین اسپرٹ کی نئی مثال قائم کردی

اس کے بعد امپائرز نے میچ کے آغاز کے لیے کئی مرتبہ گراؤنڈ کا معائنہ کیا لیکن مسلسل بارش کے سبب دونوں کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ کو منسوخ کردیا گیا۔

بارش کے سبب میدان کے بیشتر حصے کو کورز سے ڈھک دیا گیا تھا— فوٹو: رائٹرز
بارش کے سبب میدان کے بیشتر حصے کو کورز سے ڈھک دیا گیا تھا— فوٹو: رائٹرز

میچ منسوخ ہونے کے سبب دونوں ٹیموں کو ایک پوائنٹ دے دیا گیا اور اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کی ٹیم نے تین شکستوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اپنا کھاتا کھول لیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی بارش کے سبب بغیر کوئی گیند ہوئے ہی منسوخ کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں میچ کے لیے 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں جہاں آندرے رسل اور لوئس ایونس کی جگہ ڈیرن براوو اور کیمار روچ کو شامل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کو لگاتار تیسری شکست، بھارت پہلے ہی میچ میں کامیاب

اسی طرح جنوبی افریقہ نے بھی اپنی فائنل الیون میں 2 تبدیلیاں کرتے ہوئے جین پال ڈومینی اور تبریز شمسی کی جگہ ایڈن مرکرم اور بیورن ہینڈرکس کو شامل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں گزشتہ ورلڈکپ سے اب تک صرف 3 مرتبہ ون ڈے میچ میں آمنے سامنے آئی تھیں۔

2015 کے ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ نے اے بی ڈی ویلیئرز کی دھواں دھار 66 گیندوں پر 162 رنز کی اننگز کے بدولت عالمی کپ میں پہلی مرتبہ 400 رنز کا ہندسہ عبور کر کے ویسٹ انڈیز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں